ہندوستان: بی جے پی فلسطین کی حمایت کی وجہ سے لوگوں کو جھوٹے مقدموں میں پھنسا رہی ہے، کیرالہ کے وزیر اعلیٰ
ہندوستان کی جنوبی ریاست کیرالہ کے وزیر اعلیٰ نے بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی فلسطین کی حمایت کرنے کی وجہ سے لوگوں کو جھوٹے مقدموں میں پھنسا رہی ہے۔
سحرنیوز/ ہندوستان: ریاست کیرالہ کے وزیر اعلیٰ پنا رائی وجیئن نے کہا ہے کہ بی جے پی فلسطین کی حمایت کئے جانے کی وجہ سے لوگوں کو جھوٹے مقدموں میں پھنسا رہی ہے اور یہ کہک ریاست اور ملک نے ہمیشہ فلسطین کی حمایت کی ہے لیکن صرف اب مرکز نے اپنا رخ بدلا ہے۔ کیرالہ کے وزیر اعلیٰ نے یہ بات بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا اور مرکزی وزیر مملکت راجیو چندرشیکھر کے الزام کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہی۔
جے پی نڈا اور راجیو چندر شیکھر نے مبینہ طور پر الزام لگایا تھا کہ نہ تو کیرالہ کی حکومت نے اور نہ ہی پولیس نے حماس کے لیڈر کو تقریر کرنے سے روکا۔ ان دونوں لیڈروں نے کیرالہ میں حال ہی میں فلسطین کی حمایت میں ہونے والے ایک مظاہرے سے تحریک حماس کے رہنما خالد مشعل کے ورچوئل خطاب کے سلسلے میں کیرالہ کی حکومت اور پولیس پر الزام لگایا تھا۔
وزیر اعلیٰ پنا رائی نے کوچین انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جسے فلسطین کا لڑاکا بتایا جا رہا ہے اس نے جماعت اسلامی کے شعبۂ نوجوانان "سولیڈیرٹی یوتھ موومنٹ" کے زیر اہتمام منعقدہ ایک اجتماع سے خطاب کیا تھا۔
کیرالہ کے وزیر اعلیٰ پنا رائی نے مزید کہا کہ اگر جماعت اسلامی یا کسی دیگر تنظیم کے افراد پروگرام کی اجازت لینے آئیں گے تو انہیں منع نہیں کیا جائے گا۔