Nov ۱۱, ۲۰۲۵ ۱۴:۳۱ Asia/Tehran
  • ہندوستان: دہلی کار بم دھماکے میں ہلاک شدگان کی تعداد بڑھ کر 13 ہوگئی، پورے ملک میں ہائی الرٹ

دہلی میں لال قلعہ کے پاس ہونے والے کار بم دھماکے میں ہلاک شدگان کی تعداد بڑھ کر 13 ہوگئی ہے، تحقیقات جاری ہیں۔

سحرنیوز/ہندوستان: ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے دارالحکومت دہلی میں لال قلعہ میٹرو اسٹیشن کے قریب پیر کی شام کو ہوئے کار بم دھماکے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھکر 13 ہوگئی ہے۔ حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات کا عمل جاری ہے۔

حکام کے مطابق پیر کی شام لال قلعہ میٹرو اسٹیشن کے گیٹ نمبر ایک کے باہر چلتی ہوئی ایک ہنڈائی آئی 20  کار میں اچانک دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں 13 افراد کے ہلاک ہونے کے علاوہ کئی لاپتہ بھی ہیں۔

سیکورٹی اہلکاروں نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے کر لال قلعہ میٹرو اسٹیشن اور لال قلعہ کو تین دن کے لئے بند کر دیا ہے۔ جائے وقوعہ پر فورینسک ٹیمیں، دہلی پولیس، این آئی اے اور ڈاگ اسکواڈ شواہد اکٹھے کر رہے ہیں۔

دریں اثنا، اس خوفناک واقعے کے بعد پورے ملک میں سیکورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے منگل کی صبح ایک اعلیٰ سطحی سیکورٹی میٹنگ طلب کی تاکہ صورت حال کا جائزہ لیا جا سکے اور آئندہ اقدامات پر مشاورت ہو۔

اُدھر دھماکے کے بعد سوشل میڈیا پر سیاسی ردعمل بھی سامنے آیا ہے۔ ہیش ٹیگ’’استعفیٰ امت شاہ‘‘ ایکس پر ٹرینڈ کر رہا ہے۔ کانگریس کے لیڈروں نے بی جے پی حکومت کے دور میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کی فہرستیں شیئر کی ہیں۔ کئی سیاسی پارٹیوں نے وزیر داخلہ امت شاہ کے مستعفی ہونے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

دوسری طرف وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ سازش رچنے والوں کو بخشا نہیں جائے گا۔ نریندر مودی نے، جو بھوٹان کے دورے پر ہیں، دارالحکومت تھمپو میں منگل کو ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس’’خوفناک واقعہ‘‘ کی تحقیقات کرنے والی تمام ایجنسیوں سے رابطے میں ہیں۔ دھماکے میں ملوث افراد کو بخشا نہیں جائے گا۔

 

ٹیگس