غزہ کی جنگ جاری رہنے کی صورت میں امریکا کو ایران کا انتباہ
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزير خارجہ نے خبردار کیا ہے کہ غزہ اور غرب اردن میں جنگ جاری رہنے کی صورت میں ، جنگ کا دائرہ مزید پھیل سکتا ہے۔
سحرنیوز/ایران: حسین امیرعبداللہیان نے برطانوی میڈیا کے ساتھ گفتگو میں کہا کہ ایران غزہ میں جنگ کا دائرہ مزید پھیلنے کے حق میں نہیں ہے لیکن اگر غزہ اور غرب اردن کے عوام کے خلاف جرائم جاری رہتے ہیں تو لڑائی کا دائرہ پھیلنا ناگزیر ہوجائے گا۔ اخبار فائننشل ٹائمز کے مطابق ایران کے اس عہدیدار نے اپنی گفتگو میں کہا کہ تہران نے خفیہ چینلز کے ذریعے امریکہ کو بتایا دیا ہے کہ وہ نہیں چاہتا کہ غزہ جنگ کا دائرہ وسیع ہو، تاہم اس نے واشنگٹن کو اس بارے میں خبردار کردیا ہے۔ اس اخبار کے مطابق امیرعبداللہیان نے ایران اور امریکہ کے درمیان براہ راست مذاکرات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چالیس برسوں کے دوران، تہران میں سوئس سفارت خانے کے ذریعے امریکی مفادات کے محافظ کے طور پر ایران اور امریکہ کے درمیان پیغامات کا تبادلہ ہوتا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے امریکہ کے جواب میں یہ کہا ہے کہ ایران جنگ کو وسعت نہیں دینا چاہتا، لیکن خطے میں امریکہ اور اسرائیل کی طرف سے اختیار کردہ رویہ کی وجہ سے اگر غزہ اور غرب اردن کے عوام کے خلاف جرائم کا سلسلہ نہ رکا تو ہر امکان پر غور کیا جا سکتا ہے اور جنگ کا دائرہ وسیع ہونا ناگزیر ہوجائے گا۔