ایران کے وزیر خارجہ: صیہونی حکومت کی نابودی کے نزدیک ہونے پر زور
ایران کے وزیر خارجہ نے جنگ غزہ کو صیہونی حکومت کی نابودی کا پیش خیمہ قرار دیا ہے۔
سحرنیوز/ایران: حسین امیرعبداللہیان نے جمعرات کی شام قم کے دینی مدارس کی اکیڈمک کونسل، جامعہ مدرسین حوزہ علمیہ" کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ جنگ صیہونی حکومت کی اپنے اہداف کے حصول میں ناکامی اور اندرونی تباہی کا پیش خیمہ ہے۔ انہوں نے غزہ میں اسّی دن سے جاری جنگ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ روزانہ سینکڑوں ہتھیار اور فوجی سازوسامان مقبوضہ علاقوں میں داخل ہوتے ہیں، لیکن آج صیہونی حکومت اپنے کسی بھی ہدف کو پورا کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الاقصیٰ طوفان حماس کا مکمل طور پر آزادانہ فیصلہ اور عمل تھا مگر ہم بلند آواز سے اعلان کرتے ہیں کہ ہم ان مزاحمتی گروہوں کی حمایت کرتے ہیں جو عالمی استکبار کے خلاف لڑ رہے ہیں اور مشرق وسطی کے علاقے کی سلامتی میں کردار ادا کررہے ہیں۔ ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ آج مغرب والے واضح طور پر کہتے ہیں کہ غزہ کی جنگ کی فاتح حماس ہے اور بعض مغربی ممالک "سیاسی حماس" اور "فوجی حماس" جیسی اصطلاحات متعارف کروا کر حماس کے ساتھ مذاکرات کی بنیاد پر جنگ کو ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔