Jan ۱۵, ۲۰۲۴ ۲۰:۳۲ Asia/Tehran
  • ایرانی وزیر خارجہ کا امریکہ اور برطانیہ کو انتباہ: یمن کے خلاف جنگ فوراً بند کردو

ایران کے وزیر خارجہ نے امریکہ اور برطانیہ کو خبردار کیا ہے کہ وہ یمن کے خلاف جنگ فوراً بند کریں۔

سحر نیوز/ ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے تہران میں آج پیر کی شام کو دو طرفہ ملاقات کے بعد اپنے ہندوستانی ہم منصب ایس جے شنکر کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ اس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ اپنے ہندوستانی ہم منصب کی میزبانی پر ہمیں خوشی ہے۔

ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے امریکہ اور برطانیہ کو فوری جنگ بندی کی تنبیہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران خطے میں جہاز رانی اور بحری سیاحت کے تحفظ کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران نے ہمیشہ جنگ میں عدم توسیع پر زور دیا ہے اور بحری سیاحت اور جہاز رانی کی سلامتی کو یقینی بنانے پر بھی ایران کی طرف سے تاکید کی گئی ہے۔

حسین امیر عبداللہیان نے کہا کہ ایران اور ہندوستان ایک دوسرے کے دیرینہ دوست اور قابل اعتماد حلیف ہیں اور یہ کہ ایس جے شنکر کے ساتھ بہت اچھی اور مفید بات چیت ہوئی ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمارے درمیان مختلف موضوعات، خاص طور سے شمال جنوب کوریڈور اور چابہار بندرگاہ کی توسیع کے بارے میں بات چیت ہوئی ہے۔

امیر عبداللہیان نے یمن کے سلسلے میں کہا کہ صنعا کے حکام نے یقین دلایا کہ وہ بحری سیاحت اور جہازرانی کے تحفظ کی راہ میں کوئی خلل پیدا نہیں کریں گے لیکن ان کا موقف ہے کہ جب تک غزہ پٹی میں نسل کشی جاری رہے گی، وہ اسرائیلی حکومت کے یا مقبوضہ علاقوں کی بندرگاہوں کی طرف جانے والے جہازوں کو روکنے کے سلسلے میں اقدام کریں گے۔

ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکہ پوری طاقت کے ساتھ اسرائیل کے ساتھ کھڑا نہیں ہوسکتا اور غزہ کی پٹی میں ہزاروں شہریوں کے قتل میں شریک ہو کر دوسروں کو تحمل سے کام لینے کی دعوت نہیں دے سکتا۔

 

ٹیگس