Apr ۱۰, ۲۰۲۴ ۱۵:۰۴ Asia/Tehran
  • اسلامی ملکوں کو چاہیے کہ وہ اپنے تعلقات صیہونی حکومت سے ختم کریں: رہبر انقلاب اسلامی

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے غزہ کے مسئلے کو عالم اسلام کا اولین اور ناقابل چشم پوشی مسئلہ قرار دیا۔

سحر نیوز/ ایران : رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے عید الفطر کی مناسبت سے ایرانی حکام، اسلامی ملکوں کے سفرا اور عوام کی ملاقات میں غزہ کے مسئلے کو عالم اسلام کا اولین اور ایسا ناقابل چشم پوشی مسئلہ قرار دیا جو سب کو احساس ذمہ داری کراتا ہے۔

آپ نے فرمایا کہ مختلف اقوام یہاں تک کہ غیر مسلم قوموں کے دل بھی غزہ و فلسطین کی قوم کے ساتھ ہیں جس کی علامت افریقہ، ایشیا اور یورپ نیز خود امریکہ میں غاصب صیہونیوں کے جرائم کے خلاف نکالی جانے والی ریلیاں اور احتجاجات ہیں۔

رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ فلسطینیوں کی آواز دبانے کے لئے عالمی ذرائع ابلاغ پر غاصب صیہونیوں کے طویل مدت تسلط کے باوجود فلسطین کا مسئلہ اقوام عالم کا اہم ترین مسئلہ بن گیا ہے اور قوموں کے احساس ذمہ داری کے باوجود افسوس ہے کہ حکومتیں اپنے فرائض پر عمل نہیں کر رہی ہیں۔

آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ اس سے بھی زیادہ افسوسناک بات، فلسطینی عورتوں اور بچوں پر وحشیانہ ترین بربریت کے دور میں بھی بعض اسلامی ملکوں کی جانب سے صیہونی حکومت کی مدد جاری ہے اور یہ مدد غاصب صیہونی حکومت کی تقویت اور امت مسلمہ کے ساتھ خیانت ہے کیوں کہ یہ مدد خود ان کی اپنی نابودی ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ اسلامی ملکوں کے سیاسی و اقتصادی تعلقات منقطع کئے جانے کو اسلامی جمہوریہ ایران کی یقینی تجویز و توقع قرار دیا اور فرمایا کہ اسلامی ملکوں کو چاہیے کہ کم از کم عارضی طور پر ہی سہی جب تک صیہونی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے اپنے تعلقات اور تعاون منقطع کر لیں۔

ٹیگس