Apr ۱۴, ۲۰۲۴ ۱۶:۱۶ Asia/Tehran

اسلامی جمہوریہ ایرانی فوج کے کمانڈر جنرل عبدالرحیم موسوی نےخبردار کیا ہے کہ اگر امریکہ، صیہونی حکومت کی حمایت میں آگے آکر ایران کے خلاف کوئی اقدام کرنے کی کوشش کی تو علاقے میں اس کے سبھی فوجی اڈے اور مفادات ایران کے نشانے پر آ جائیں گے۔

سحرنیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایرانی فوج کے کمانڈر جنرل عبدالرحیم موسوی نے کہا ہے کہ میں خدا کا شکر گذار ہوں کہ اس نے ہمیں بھی یہ موقع فراہم کیا کہ ظالم و جابر صیہونی حکومت کو اس کے کئے کی سزا دینے کےلئے کہ جس کی جانب رہبر انقلاب اسلامی نے اشارہ فرمایا، ہم بھی کچھ اپنا حق ادا کرسکیں-

انہوں ںے مزید کیا کہا کہ قابض اور غاصب صیہونی حکومت نے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور ریڈ لائنوں کو عبور کرتے ہوئے شام کے دارالحکومت دمشق میں ایرانی سفارتخانے کے قونصلر سیکشن پرحملہ کیا  کہ جس میں ہمارے چند فوجی مشیر شہید ہوگئے۔
ایرانی فوج کے کمانڈر نے یہ بھی کہا عالمی اداروں کو اقوام متحدہ کے منشور کی شق سات کے تحت صیہونی حکومت کو سزا دینی چاہئے تھی لیکن ایک طرف ان اداروں کی جانب سے اسرائیل کی تنبیہ اور اسے سزا دینے میں کوتاہی اور دوسری جانب  ہمارے عوام کے انتقام کے مطالبے کے بعد ہم نے اسرائیل کو سزا دینے کے لئے یہ جوابی قدم اٹھایا۔
جنرل عبد الرحیم موسوی نے واضح کیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے اسرائیل کی تنبیہ اور اسے سزا دینے کی کارروائی، مسلح افواج، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی فضائیہ اور وزارت دفاع کی کوششوں سے انجام پائی، جس کے لئے ہم ایران کی مسلح افواج ، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی اور وزارت دفاع کے شکر گذار ہیں  اور ان کو اس عظیم کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہيں

انہوں نےبار دیگر جارح صیہونی حکومت کو خبردار کیا کہ اگر اس نے پھر کسی غلطی کا ارتکاب کیا تو اس مرتبہ اسے کہیں زيادہ سخت جواب کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے امریکی حکام کو بھی متنبہ کیا اور کہا کہ اگر امریکہ، صیہونی حکومت کی حمایت میں آگے آئے گا تو علاقے میں اس کے جتنے بھی فوجی اڈے اور مفادات ہیں ان کو بھی نشانہ بنائيں گے، خاص طور پر جس جگہ سے ایران کے خلاف اقدام ہوگا تو اس کے خلاف ایران کی مسلح افواج اپنی کارروائی کرے گی۔

ٹیگس