Sep ۱۴, ۲۰۲۴ ۱۹:۱۱ Asia/Tehran
  • ’’مجاہدان در غربت‘‘ کے عنوان سے 9ویں بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد

ایران کے شہر دامغان میں ’’مجاہدان در غربت ‘‘ کے عنوان سے منعقد ہونے والی نویں بین الاقوامی کانفرنس کا آغاز حرم امام رضا علیہ السلام کے متولی کے پیغام سے کیا گیا۔

سحر نیوز/ ایران: آستان نیوز کی رپورٹ کے مطابق؛ آستان قدس رضوی کے ادارہ بین الاقوامی امور کے نائب ڈائریکٹر حجت الاسلام والمسلمین مصطفی فقیہ اسفندیاری نے ایران کی دامغان یونیورسٹی میں منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس میں حرم امام رضا علیہ السلام کے متولی کا پیغام پڑھ کر سنایا۔ اس پیغام میں کہا گیا کہ خدا کی راہ میں جہاد کرنا الہی اقدار میں سے ہے اور خاص لوگوں کو یہ سعادت نصیب ہوتی ہے۔ پیغمبر اکرم(ص) اور ائمہ معصومین علیہم السلام کی کاوشیں شہادت سے رنگ لائیں، حضرت امام علی رضا علیہ السلام استکبار سے مقابلہ اور مبارزہ کرنے کا مظہر ہیں، آپ(ع) مظلوم کے دفاع کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے تھے اور سب کو ظالم کے سامنے ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا سبق دیتے تھے۔

اسی پیغام کے دوسرے  حصے میں آیا ہے کہ جہاد کے ساتھ ساتھ ایمان کا عنصر استکبار کے خلاف مزاحمت اور فتح کے تسلسل کا باعث بنا ہے ، موجودہ حالات میں جہاں معصوم بچوں کی قاتل صیہونی حکومت ؛ استکباری پشت پناہی سے لیس ہے وہیں غزہ میں مجاہدین کے ایک چھوٹے سے مزاحمتی گروپ کے سامنے بے بس ہے کیونکہ غزہ کی مظلوم عوام کی صیہونی وحشیانہ حملوں کے خلاف مزاحمت اور استقامت اللہ پر پختہ یقین اور ایمان کی وجہ سے ہے، مجاہدین خدا کے فضل و کرم اور ایمان کی طاقت کے ساتھ اپنے خون کے آخری قطرے تک صیہونی قاتل اور غاصب حکومت کے خلاف جہاد جاری رکھیں گے۔ ’’مجاہدان در غربت‘‘ کے عنوان سے منعقد ہونے والی نویں کانفرنس میں سابقہ وزیر خارجہ شہید حسین امیر عبد اللہیان کو جو کہ تیرہویں حکومت کے ایک انقلابی اور مجاہد سفارت کار تھے خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

حرم امام رضا علیہ السلام کے متولی کے پیغام میں کہا گیا کہ رہبرمعظم انقلاب اسلامی نے سابقہ وزیر خارجہ شہید امیر عبد اللہیان کو بطور فعال مجاہد کے طور پر متعارف کرایا اور اس کی اعلیٰ انقلابی سفارت کاری اور شاندار سرگرمیوں کی توثیق کی تاکہ ملک کے دوسرے خدمت گزاروں کے لئے ایک مثال بن جائے اور ملکی خدمت کی راہ میں انہیں اپنے لئے آئیڈیل قرار دیں، شہید امیرعبداللہیان نے حضرت امام علی رضا علیہ السلام کی ولادت کے دن شہید ہو کر امام روؤف کی بارگاہ اقدس کی خدمت کا نشان ہمیشہ کے لئے اپنے نام کر لیا۔

قابل توجہ ہے کہ ’’مجاہدان در غربت‘‘ کے عنوان سے منعقد کی جانے والی بین الاقوامی کانفرنس کی افتتاحی تقریب کی ایک نشست شام میں اور دوسری ہندوستان میں منعقد کی گئی ، ایران کے صوبہ سمنان کا شہر دامغان ان نشستوں کا میزبان ہے ، اس وقت دامغان میں منعقد کی جانے والی بین الاقوامی کانفرنس میں 26 ممالک سے اہم شخصیات شریک ہیں ۔ واضح رہے کہ اس بین الاقوامی کانفرنس کی اختتامی تقریب حرم امام رضا علیہ السلام میں منعقد کی جائے گی۔

 

ٹیگس