لبنان میں ہونے والے دھماکے امریکہ اور مغربی ممالک کے لئے باعث شرم: صدر ڈاکٹر پزشکیان
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے لبنان میں صیہونی حکومت کے دہشتگردانہ حملے کو مغربی ممالک بالخصوص امریکہ کے لئے باعث شرم قرار دیا ہے۔
سحر نیوز/ ایران: ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے بدھ کو کابینہ کے اجلاس میں منگل کو لبنان ميں ہوئے صیہونی حکومت کے دہشت گردانہ حملے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے اس طرح کے واقعے کو مغربی ممالک اور سب سے بڑھ کر امریکیوں کے لئے باعث شرم قرار دیا کہ جو اپنے غیرانسانی اہداف کو آگے بڑھانے کے لئے کسی بھی ہتھکنڈے کو استعمال کرنے سے دریغ نہيں کرتے۔ ڈاکٹر پزشکیان نے کہا کہ ایسے روزمرہ کے وسائل کو جو انسان کی فلاح و آسائش کے لئے بنائے گئے ہیں ان لوگوں کے قتل کے لئے استعمال کیا جانا جن کا نقطہ نظر یورپ و امریکہ سے نہيں ملتا یہ ثابت کرتا ہے کہ انسانیت کس قدر زوال کا شکار ہوگئی ہے اور وحشیگری کی خو اور جرائم کو کتنا غلبہ حاصل ہوگیا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ اس واقعے نے ایک بار پھر ثابت کردیا کہ مغربی ممالک اور امریکہ اگرچہ بظاہر دعوی کرتے ہيں کہ وہ غزہ میں جنگ بندی کی کوشش کر رہے ہيں لیکن عملی طور پر صیہونی حکومت کے ہاتھوں اندھا دھند قتل عام اور ٹارگیٹ کلنگ کی حمایت کرتے ہيں۔
ایران کے صدر نے زور دے کر کہا کہ اس صورت حال اور عالم اسلام و مظلوم فلسطینیوں کے خلاف صیہونی حکومت کے مظالم و جرائم کے سلسلے کو ختم کرانے کا واحد حل مسلمانوں اور اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد اور یکجہتی ہے ۔