Feb ۱۹, ۲۰۲۵ ۱۷:۵۴ Asia/Tehran
  • ایرانی وزیر خارجہ کی جہاد اسلامی فلسطین اور حشدالشعبی کے رہنماؤں سے اہم ملاقات

ایران کے وزيرخارجہ سید عباس عراقچی نے تحریک جہاد اسلامی فلسطین کے سربراہ سے کہا ہے کہ صیہونی حکومت شدید ترین بین الاقوامی جرائم کے باوجود اپنا کوئي بھی ہدف حاصل نہیں کر سکی ہے۔

سحرنیوز/ایران: ایرانی وزيرخارجہ اور جہاد اسلامی فلسطین کے سربراہ کی ملاقات ایسے عالم میں انجام پائي ہے کہ غزہ اور غرب اردن کے حالات ، علاقائی اور اسلامی ممالک کی حمایت اور یکجہتی کے متقاضی ہيں۔ سید عباس عراقچی نے زياد النخالہ سے ملاقات میں فلسطینیی عوام کے خلاف صیہونی حکومت کے جرائم کی جانب بھی اشارہ کیا- وزیر خارجہ نے فلسطینی عوام اور استقامت کو اس تاریخی کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ صیہونی حکومت انہیں استقامتی گروہوں سے جنگ بندی اور معاہدہ کرنے پر مجبور ہوئی جنہیں اپنے زعم میں ختم کرنا چاہتی تھی۔

سید عباس عراقچی نے کہا کہ فلسطینی عوام نے تاریخی اتحاد و یکجہتی اور صبر و استقامت کا مظاہرہ کیا اور حق پسندی کا شاندار جلوہ پیش کردیا۔ انہوں نے فلسطینی عوام کو زبردستی کوچ کرانے کی سازش کو بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے منشور کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کی تمام حکومتوں کو اس غیرقانونی اور مجرمانہ اقدام کے سامنے ڈٹ جانا چاہیے۔وزیر خارجہ نے او آئی سی ہنگامی اجلاس میں اس مسئلے کو اٹھانے کے ساتھ ساتھ صیہونی حکام کو قانون کے کٹہرے میں گھسیٹنے پر بھی زور دیا۔

اس موقع پر جہاد اسلامی فلسطین کے سربراہ زیاد النخالہ نے بھی انقلاب کی چھیالیسویں سالگرہ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے رہبر انقلاب اسلامی، صدر مملکت، وزیر خارجہ اور اسلامی جمہوریہ ایران کی قیادت اور عوام کی جانب سے فلسطین کے مظلوم عوام کی شاندار حمایت کی قدردانی کی- سید عباس عراقچی نے ایران کی جانب سے فلسطینی اہداف کی حمایت جاری رہنے اور جنگي جرائم کی بنا پر صیہونی حکام پر مقدمہ چلانے کی ضرورت پر تاکید کی۔

اس ملاقات میں تحریک جہاد اسلامی کے سربراہ نے ایران کی جانب سے فلسطین کی بےدریغ حمایت کی حمایت کو سراہا اور غزہ کی جنگي صورت حال اور غاصب حکومت کے جرائم کی رپورٹ پیش کی ۔ دریں اثنا ایرانی وزيرخارجہ سید عباس عراقچی نے عراقی رضاکار فورس حشدالشعبی کے سربراہ سے ملاقات میں علاقے کے بارے میں دونوں ملکوں کے حکام کے درمیان صلاح و مشورے پر تاکید کی۔

سید عباس عراقچی نے اس ملاقات میں عراق میں قیام امن اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں حشدالشعبی کے کردار کو سراہا۔ اس ملاقات میں حشدالشعبی کے سربراہ فالح فیاض نے داعش کے خلاف جنگ میں ایران کی جانب سے عراق کی حمایت کا شکریہ ادا کیااور دونوں ملکوں کے مشترکہ مفادات کی حمایت کی راہوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا اور مزید تعاون کی اہمیت پر تاکید کی ۔

 

ٹیگس