علاقے کو بدامنی سے روکنے کے لئے اسلامی اور علاقائی ممالک کو اجتماعی اقدام کرنا چاہئے: ایرانی وزیر خارجہ
ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے غزہ میں صیہونی حکومت کے جاری مظالم کی مذمت کرتے ہوئے صیہونی حکومت کے جرائم اور بدامنی کو پورے علاقے میں پھیلنے سے روکنے کے لئے اسلامی اور علاقائی ممالک کے فوری اقدام کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
سحرنیوز/ایران: ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید آل نہیان سے ٹیلی فونی گفتگو میں خطے کی تازہ ترین صورتحال بالخصوص غزہ میں صہیونی حکومت کے ہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کشی اور یمن پر امریکی فوجی حملوں پر تبادلہ خیال کیا ۔ایرانی وزيرخارجہ نے غزہ میں صیہونی حکومت کے جرائم اور یمن کے خلاف امریکی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سیکڑوں فلسطینیوں کا قتل عام کیا ہے اور امریکی جارحیت کے نتیجے میں یمن کے بےگناہ بچوں اور عورتوں کا قتل عام ہوا ہے اور اس ملک کا بنیادی ڈھانچہ تباہ ہوا ہے۔ سید عباس عراقچی نے علاقائی اور اسلامی ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ امریکہ اور صہیونی حکومت کے مظالم اور خطے میں بڑھتی ہوئی بدامنی کو روکنے کے لیے فوری اور اجتماعی اقدام کریں۔ سید عباس عراقچی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور دیگر عالمی طاقتوں کی بے حسی پر تنقید کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر اس صورتحال کو نظرانداز کیا گیا تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔ اس ٹیلی فونی گفتگو میں متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید آل نہیان نے بھی یمن اور فلسطین کی صورتحال کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے حالات مزید خراب ہونے سے روکنے کے لیے علاقے کے ممالک کے درمیان مسلسل صلاح و مشورے کی ضرورت پر زور دیا۔