Apr ۲۲, ۲۰۲۵ ۲۰:۲۶ Asia/Tehran
  • ایران اور پاکستان علاقائی امن و سلامتی کے استحکام میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، ایرانی چیف جسٹس

ایرانی عدلیہ کے سربراہ نے اپنے پاکستانی ہم منصب سے ملاقات کے دوران علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کے استحکام میں دونوں ممالک کے کردار کی طرف اشارہ کیا۔

سحرنیوز/ایران:  ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی چیف جسٹس حجت الاسلام والمسلمین غلام حسین محسنی اژه‌ای نے چین کے شہر ہانگژو میں شنگھائی تعاون تنظیم کے 20ویں سربراہی اجلاس کے دوران پاکستان کے اعلی عدالتی عہدیداروں سے ملاقات کی۔ انہوں نے ایران اور پاکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں اچھے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا: ہم سمجھتے ہیں کہ ایران اور پاکستان مشترکہ تعاون کو فروغ دے کر علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کے استحکام  میں قابل قدر کردار ادا کر سکتے ہیں۔

حجت الاسلام محسنی نے کہا کی ایران اور پاکستان مختلف شعبوں میں معلومات کے تبادلے کے ذریعے مشترکہ مفادات کے لیے خطرہ بننے والے چیلنجوں کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے غزہ میں جاری غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم کی مذمت کرتے ہوئے اس سلسلے میں اقوام متحدہ اور عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی پر تنقید کی۔

پاکستان کے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی

اس ملاقات میں پاکستان کے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ ہم ہمیشہ اسلامی جمہوریہ ایران کے عدالتی نظام کے ساتھ تعاون کو اہمیت دیتے ہیں۔ انہوں نے ایران کے چیف جسٹس کو دورہ پاکستان کی دعوت دی تاکہ مختلف عدالتی امور پر بات چیت کی جا سکے۔ پاکستانی چیف جسٹس نے واضح کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان عدالتی تعاون اعلیٰ ترین عدالتی حکام کی سطح تک محدود نہیں ہونا چاہئے۔ یحییٰ آفریدی نے موجودہ چیلنجوں پر قابو پانے کے لیے مشترکہ حل کی نشاندہی کرتے ہوئے سینئر عدالتی حکام کی ملاقاتوں کے تسلسل پر زور دیا۔

 

ٹیگس