عراقچی؛ ایران کا پر امن ایٹمی پروگرام ملی عزت و شرف میں تبدیل ہوچکا ہے
اسلامی جمہوریہ ایرن کے وزیر خارجہ نے ایک بار پھر زور دے کر کہا ہے کہ ہماری افزودگی کی دانش اور ٹیکنالوجی بمباریوں سے ختم ہونے والی نہیں ہے اور ہمارا پر امن ایٹمی پروگرام ملی عزت و افتخار میں تبدیل ہوچکا ہے
سحر نیوز/ ایران: وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے سی بی ایس ٹی وی سے براہ راست نشر ہونے والے انٹرویو میں ، امریکی صدر کے اس دعوے کے بارے میں کہ ایران کے ساتھ مذاکرات رواں ہفتے میں شروع ہوسکتے ہیں کہا کہ میں نہیں سمجھتا ہوں کہ مذاکرات اتنی جلدی شروع ہوسکتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ڈپلومیسی کے دروازے ہرگز بند نہیں ہوئے ہیں لیکن مذاکرات دوبارہ شروع کرنے سے پہلے ہمارے لئے اس بات کا یقین ضروری ہے کہ دوران مذاکرات دوبارہ ہم پر فوجی حملے نہیں کئے جائيں گے۔

سید عباس عراقچی نے امریکیوں کے اس دعوے کے بارے میں کہ ایران کی ایٹمی تنصیبات ختم ہوگئی ہیں، کہا کہ کوئی بھی بمباری کے ذریعے ہماری افزودگی کی دانش اور ٹیکنالوجی کو ختم نہیں کرسکتا۔
انھوں نے اس سوال کے جواب میں کہ کیا ایران یورینیئم کی افزودگی جاری رکھے گا؟ کہا کہ ہمارا پر امن ایٹمی پروگرام ملی عزت و افتخار میں تبدیل ہوچکا ہے۔
وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا کہ 12 روزہ مسلط کردہ جنگ میں ہم نے ثابت کردیا کہ ہم اپنے دفاع پر قادر ہیں اور اگر دوبارہ جارحیت کی گئی تو اپنا دفاع کریں گے۔