Jul ۰۱, ۲۰۲۵ ۱۳:۳۵ Asia/Tehran
  • سید عباس عراقچی؛ ایران جوہری حق سے کبھی دستبردار نہیں ہوگا

ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے دوٹوک انداز میں کہا ہے کہ ایران جوہری حق سے کبھی دستبردار نہیں ہوگا۔

سحر نیوز/ ایران: ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے واضح کیا ہے کہ ایرانی قوم اپنے پرامن جوہری پروگرام اور یورینیم کی افزودگی کے اپنے قانونی حق سے ہرگز چشم پوشی نہیں کرے گی، چاہے عالمی دباؤ کتنا ہی بڑھ جائے۔

امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے صہیونی حکومت کی جانب سے مسلط کی گئی 12 روزہ جنگ کا سامنا کیا ہے، لہٰذا ہماری قوم اتنی آسانی سے یورنیم کی افزودگی جیسے بنیادی حق سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔

انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں مذاکرات فوری طور پر دوبارہ شروع نہیں ہو سکتے۔سید عباس عراقچی نے واشنگٹن اور تل ابیب کی متلون مزاجی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ جب ہم مذاکرات میں شریک ہوں اور اسی وقت ہماری سرزمین پر بم برسائے جائیں، تو ہم کیسے اعتماد کریں؟ ہمیں اس بات کا اطمینان حاصل کرنا ہوگا کہ مذاکرات کے دوران دوبارہ کسی حملے کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہم نے اس جنگ کے دوران ثابت کیا ہے کہ ہم اپنی خودمختاری کا دفاع کر سکتے ہیں، اور اگر دوبارہ جارحیت ہوئی تو ہم اسی طرح ڈٹ کر اور بھرپور منھ توڑ جواب دیں گے۔

ٹیگس