ایران اور تین یورپی ممالک کے درمیان تفصیلی مذاکرات اختتام پذیر
اسلامی جمہوریہ ایران اور تین یورپی ممالک کےدرمیان استنبول میں ہونے والے مذاکرات اپنے اختتام کو پہنچ گئے ہیں۔ فریقین نے مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنے سے اتفاق کیا ہے۔
سحرنیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس میں اپنے پیج پر لکھا ہے کہ ایران اور تین یورپی ممالک کے درمیان تفصیلی مذاکرات ہوئے۔ مذاکرات کے دوران ایٹمی معاملے اور پابندیوں کےخاتمے سے متعلق تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا گيا اور ہم نے اپنے ملک پر مسلط کی گئي جنگ سے متعلق ان کے مواقف پر شدید تنقید کرنے کے ساتھ ساتھ اسنیپ بیک میکینزم سمیت اپنے مواقف کو وضاحت کے ساتھ بیان کیا۔ ایران کے نائب وزیر خارجہ نے مزید لکھا ہے کہ فریقین نے اس بات سے بھی اتفاق کیا کہ پابندیوں کے خاتمے اور ایٹمی معاملے سے متعلق مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

واضح رہے کہ آج ایران اور یورپی ٹرائیکا برطانیہ ، فرانس اور جرمنی کے درمیان استنبول میں واقع اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصل خانے میں نائب وزرائے خارجہ کی سطح پر مذاکرات کا آغاز صبح دس بجے ہوا۔ یہ مذاکرات کچھ دیر پہلے اپنے اختتام کو پہنچ گئے ہیں۔