Oct ۱۳, ۲۰۲۵ ۱۸:۴۵ Asia/Tehran
  • فلسطین کا مستقبل صرف فلسطینی عوام اور ان کے قانونی نمائندوں کے ذریعے  طے ہونا چاہیے: بقائی

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ مصر کی طرف سے دعوت نامہ ملنے کے باوجود ایران شرم الشیخ اجلاس میں شرکت نہیں کرے گا۔

سحرنیوز/ایران:  ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایران مصر میں ہونے والے شرم الشیخ امن سربراہی اجلاس میں شرکت نہیں کرے گا۔ انہوں نے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی نسل کشی پر مبنی جارحیت کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے ایرانی میڈیا کو بتایا کہ ایران کو غزہ کے عوام کے خلاف صہیونی حکومت کی جارحیت کے خاتمے کے لیے جنگ بندی معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی، تاہم اسلامی جمہوری ایران کا اس اجلاس میں شرکت کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔

اسرائیل کی قید سے رہا ہونے والے فلسطینی

ترجمان نے ایران کے دیرینہ مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ ایران ہر اس کوشش کی حمایت کرتا ہے جو غزہ میں نسل کشی کے خاتمے، فلسطینی عوام کی مشکلات میں کمی، خطے سے قابض افواج کے انخلا اور عوام کو ضروری امداد کی بلا روک ٹوک فراہمی کا باعث بنے۔

بقائی نے فلسطینی عوام کی مزاحمت، صبر اور قربانیوں کو سراہا جو انہوں نے گزشتہ دو برسوں میں صہیونی حکومت کے جنگی جرائم اور نسل کشی کے خلاف دی ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ فلسطین کا مستقبل صرف فلسطینی عوام اور ان کے قانونی نمائندوں کے ذریعے طے ہونا چاہیے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عالمی برادری اسرائیل کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور مظالم سے سبق سیکھے گی اور مستقبل میں مزید قانون شکنی اور وعدہ خلافیوں کی اجازت نہیں دے گی۔

ترجمان نے مصر کی حکومت کا دعوت نامہ دینے پر شکریہ ادا کیا اور اسلامی دنیا اور خطے کے ممالک کے درمیان اتحاد اور اتفاق کی اہمیت پر زور دیا۔ 

ٹیگس