Oct ۱۳, ۲۰۲۵ ۲۰:۱۶ Asia/Tehran
  • ایران خطے کی صورتحال اور صہیونی حکومت کی دھوکہ دہی کی تاریخ کو مدنظر رکھتے ہوئے مکمل ہوشیار: وزارت خارجہ کے ترجمان

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ایران دوست ممالک کی تجاویز سنتا ہے مگر صہیونی فریب کاریوں کے تناظر میں مکمل ہوشیار ہے۔

سحرنیوز/ایران:  ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایران اسرائیل کی جانب سے روسی صدر ولادیمیر پوتین کے ذریعے پہنچائے گئے پیغام سے مکمل آگاہ ہے تاہم ایران ہر سطح پر چوکس رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایران دوست ممالک کی تجاویز کو سنتا ہے، لیکن خطے کی صورتحال اور صہیونی حکومت کی دھوکہ دہی کی تاریخ کو مدنظر رکھتے ہوئے مکمل ہوشیار ہے۔

بقائی نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں میں ایران نے غزہ میں جاری نسل کشی کو روکنے کے لیے صہیونی حکومت اور اس کے اتحادیوں پر دباؤ ڈالنے میں اہم کردار ادا کیا ہے، اور اقوام متحدہ و اسلامی تعاون تنظیم سمیت مختلف عالمی فورمز پر بھرپور سفارتی سرگرمیاں انجام دی ہیں۔ انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے غزہ جنگ بندی معاہدے پر ایران کا شکریہ ادا کرنے کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایران اپنا مؤقف دو سرکاری بیانات میں واضح طور پر دے چکا ہے، جس کی دوبارہ وضاحت کی ضرورت نہیں۔ ایران ہر اس اقدام کا خیرمقدم کرتا ہے جو فلسطینی عوام کی مشکلات کم کرے اور نسل کشی کا خاتمہ کرے۔

ترجمان نے کہا کہ 700 سے زائد دنوں کی نسل کشی کے بعد اسرائیل نے حملے روکنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ ایران کا مؤقف اس حوالے سے بالکل واضح ہے۔ انہوں نے عالمی برادری اور خطے کے ممالک کو خبردار کیا کہ صہیونی حکومت کی وعدہ خلافیوں کی تاریخ کو مدنظر رکھتے ہوئے چوکنا رہنا ضروری ہے تاکہ دوبارہ کسی معاہدے کی خلاف ورزی نہ ہو۔

ٹیگس