نائب وزیر خارجہ خطیب زادہ: دنا بحری جہاز غیر مسلح تھا، اس میں کوئی فوجی سازوسامان نہیں تھا، اس پرحملہ بغیر جواب کے نہیں رہے گا
اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ سعید خطیب زادہ نے کہا ہے کہ دنا بحری جہاز ہندوستانی دوستوں کی دعوت پر بین الاقوامی مشقوں میں شرکت کے لئے آیا تھا اور مکمل طور پر غیرمسلح تھا۔
سحرنیوز/ایران: ایران کے نائب وزیر خارجہ سعید خطیب زادہ اس وقت ہندوستان کے دارالحکومت نئی دہلی میں ہیں اور انھوں نے ہندوستانی وزیر خارجہ سے ملاقات کی ہے۔
سعید خطیب زادہ نے ایران کے دنا بحری جہاز پر امریکی حملے کے بارے میں ہندوستانی صحافیوں کے ساتھ گفتگو میں کہا کہ یہ بحری جہاز پوری طرح غیر مسلح تھا اور اس میں کوئی فوجی سازوسامان نہیں تھا۔
انھوں نے کہا کہ ایرانی بحریہ کے اس جہاز پر حملہ اور اس کو غرق کردینا جو بین الاقوامی مشقوں میں شرکت کے بعد واپس جارہا تھا، افسوسناک ہے۔
ایران کے نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ بحری جہاز ہندوستانی دوستوں کی دعوت پر بین الاقوامی مشقوں میں حصہ لینے کے لئے آیا تھا۔
انھوں نے کہا کہ تاریخ میں اس کی مثال صرف جرمن نازیوں کے زمانے میں ملتی ہے کہ وہ جنگ کے علاقے سے دور غیر مسلح بحری جہازوں پر بھی حملہ کرتے تھے۔ بنابریں امریکی غیر مسلح جہاز پر حملہ کرکے نازیوں کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔
سعید خطیب زادہ نے کہا کہ اس دردناک واقعے میں بحری جہاز کے عملے کے بہت سے جوان جو ان مشقوں میں شرکت کے لئے آئے تھے، اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، یہ جارحیت بغیرجواب کے نہیں رہ سکتی اور جارحین کو اس کا جواب دینا پڑے گا۔
انھوں نے تہران اور نئی دہلی کے روابط کے بارے میں کہا کہ ایران اور ہندوستان مشترکہ قدیمی تمدن کے مالک ہیں، ہم انڈوایرانین سویلائزیشن کا حصہ ہیں اور ہندوستان کے ساتھ اپنے روابط کو بہت زیادہ اہمیت دیتے ہیں۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel
ایران کے نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمارا ملک ایک جھوٹ کی بنیاد پر حملے کا نشانہ بنا ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ بہت اہم سوال ہے کہ امریکا نے ایران پر حملہ کیوں کیا ہے؟ اگر آپ یہ سوال امریکیوں سے پوچھیں تو منڈی اور مخاطبین کے لحاظ سے اس کے مختلف جواب ملیں گے۔ ان کے اس حملے کی بنیاد امریکا کی تسلط پسندی اور گریٹر اسرائیل کا خواب ہے۔