یمن پرامریکہ اور برطانیہ کے حملوں میں11 یمنی فوجی شہید و زخمی
یمن پر امریکا اور برطانیہ کے حملوں میں پانچ یمنی فوجی شہید اور چھے زخمی ہوئے ہیں۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: یمن کی مسلح افواج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکی اور برطانوی فورسز کے حملوں میں پانچ یمنی فوجی شہید اور چھ زخمی ہوگئے ہیں ۔ اس ملک کی مسلح افواج نے اس بیان میں کہا ہےکہ یمن کے اقتداراعلی اور خودمختاری کے دفاع کے لئے ، خشکی یا سمندر میں دشمن کے اہداف کو نشانہ بنانے سے دریغ نہيں کریں گے-
یمنی مسلح افواج کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکہ اور برطانیہ، یمنی عوام کے خلاف جارحیت کے مکمل طور پر ذمہ دار ہیں اور ان کو اس جارحیت کا دنداں شکن جواب ملے گا۔
یمن کی مسلح افواج نے اپنے بیان میں اعلان کیا ہے کہ یہ وحشیانہ جارحیت یمن کو، فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت اور مدد سے باز نہیں رکھ سکے گی اور یمنی مسلح افواج اسرائیل کے بحری جہازوں اور بحیرہ عرب اور بحیرۂ احمر سے فلسطین کی مقبوضہ سرزمین کی طرف جانے والے بحری جہازوں کی نقل و حرکت کو روکنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گی۔