نیتن یاہو حماس کو شکست دینے میں ناکام، استعفیٰ دیں: ایفریم ہیلیوی
غاصب اسرائیل کی خفیہ ایجنسی، موساد، کے سابق سربراہ ایفریم ہیلیوی Efraim Halevy نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نیتن یاہو حماس کو شکست دینے میں ناکام رہے ہیں لہٰذا انہیں اب استعفیٰ دے دینا جاہیے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: غاصب اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کی مشکلات میں اضافہ ہی ہوتا جا رہا ہے۔ داخلی طور پر شدید تنقید اور مذمت کا سامنا بھی ان کو ہے۔ استعفے کا مطالبہ بھی ہوتا رہا ہے لیکن اب استعفے کا مطالبہ بہت شدید ہوگیا ہے۔
غاصب اسرائیل کی اہم خفیہ ایجنسی، موساد، کے سابق سربراہ ایفریم ہیلیوی بھی اب نیتن یاہو سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرنے والوں کی صف میں شامل ہوگئے ہیں۔ ایفریم ہیلیوی نے کہا ہے کہ نیتن یاہو تحریک حماس کو شکست دینے میں ناکام رہے ہیں لہٰذا اب وقت آگیا ہے کہ وہ اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیں۔
ایفریم ہیلیوی نے کہا کہ 7 اکتوبر کے بعد سے میں نے کئی بار موساد کے ڈائریکٹر سے ملاقات کرنے کی کوشش کی لیکن کامیابی نہیں ملی۔ ان کا کہنا تھا کہ نیتن یاہو کی قیادت کو دیکھتے ہوئے یہ ممکن نہیں لگتا کہ حماس والے جھک جائیں گے یا اسرائیل ان کو ختم کر پائے گا۔
ایفریم ہیلیوی سنہ 1998 میں غاصب اسرائیل کی خفیہ ایجنسی موساد کے سربراہ بنائے گئے تھے اور سنہ 2002 میں سبکدوش ہوئے۔