حزب اللہ نے جدید گائڈڈ میزائلوں کی رونمائی کردی
حزب اللہ لبنان نے صیہونی حکومت کے جاسوسی نظام کے خلاف اپنی تازہ ترین کارروائی میں جدید گائڈڈ میزائلوں کی رونمائی کردی ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق آج ہفتے کے روز لبنان کی اسلامی استقامتی تحریک حزب اللہ سے وابستہ میڈیا نے ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ حزب اللہ نے جدید میزائلوں کی رو نمائی کی ہے۔
ان جدید میزائلوں میں ایسے کیمرے نصب ہیں جو کارروائی کے دوران اور مطلوبہ ہدف کو نشانہ بناتے ہوئے اس کارروائی کی تصاویر ریکارڈ کرکے استقامتی مرکز کو بھیج سکتے ہیں۔
حزب اللہ کے جدید میزائل، صہیونیوں کی طرف سے لبنانی استقامتی محاذ کے خلاف شروع کی گئی نفسیاتی اور میڈیا جنگ میں بہت اہم ہیں کیونکہ لبنانی استقامت کی کارروائی کے بعد صیہونی دعویٰ کرتے ہیں کہ یہ کارروائی خالی پڑے اور پہلے سے تباہ شدہ علاقوں میں کی گئی ہے۔
علاوہ ازیں، کارروائی کے دوران تصاویر کو ریکارڈ کرنے سے صیہونیوں کی ہلاکتوں کی تعداد پوری طرح واضح ہوجائے گی اور ان کے دعووں کی تردید بھی کی جاسکے گی۔