Apr ۰۶, ۲۰۲۵ ۱۷:۴۹ Asia/Tehran
  • شہدائے غزہ کی تعداد پچاس ہزار چھے سو نوے سے بڑھ گئی

غزہ پر غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں شہدائے غزہ کی تعداد پچاس ہزار چھے سو نوے سے تجاوز کرگئی ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام:  غزہ پٹی میں فلسطین کے محکمہ صحت نے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں چھبیس شہیدوں کے جنازے اسپتالوں میں منتقل کئے گئے اور ایک سو تیرہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ اس رپورٹ کے مطابق غزہ پر غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں کی نئی لہر میں جو اٹھارہ مارچ کو شروع ہوئی، اب تک ایک ہزار تین سو پینتس فلسطینی شہید اور تین ہزار دو سو ستانوے زخمی ہوچکے ہیں ۔غزہ میں فلسطین کے محکمہ صحت نے بتایا ہے کہ سات اکتوبر دو ہزار تیئس سے غزہ پر صہیونی حملوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد پچاس ہزار چھے سو پچانوے اور زخمی ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ پندرہ ہزار تین سو اڑتیس ہوگئی ہے۔غزہ کے محکمہ صحت نے یہ بیان ایسے عالم میں جاری کیا ہے کہ خان یونس سمیت غزہ کے مختلف علاقوں پر صیہونی فوج کے وحشیانہ حملے پوری شدت کے ساتھ جاری ہیں اور شہید اور زخمی ہونے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہاہے۔

دوسری طرف اقوام متحدہ کے بچوں کے ادارے یونیسف نے غزہ میں انسانی حالات کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ دس لاکھ معصوم بچوں کی جان خطرے میں ہے۔اقوام متحدہ کے بچوں کے ادارے نےکہا ہے کہ دومارچ سے غزہ کے لئے امداد رسانی مکمل طور پر بند ہے جس کی وجہ سے خوراک، پانی کی شدید قلت ہے اور زندگی بچانے والی دوائیں ناپید ہوگئی ہیں اور حالات تشویشناک حدتک بحرانی ہوگئے ہیں۔ یونیسف نے خبردار کیا ہے کہ موجودہ صورتحال جاری رہی تو بہت سے بچے بھوک سے لقمہ اجل بن سکتے ہیں۔ یونیسف نے کہا کہ غزہ کے تقریبا دس لاکھ بچوں کو موت سے بچانے کے لئے فوری جنگ بندی اور بلا تاخیر امداد رسانی شروع کرنے کی ضرورت ہے۔

ٹیگس