عالمی قوانین کو پیروں تلے روندتا اسرائیل، جنوبی لبنان پر وحشیانہ حملہ
جنوبی لبنان میں ایک کار پر جارح صیہونی حکومت کی فوج کے فضائی حملے میں چار لبنانی شہری شہید ہوگئے ہیں۔
سحرنیوز/عالم اسلام: المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اس فضائی حملے میں جو جنوبی لبنان کے کفر رمان علاقے میں کیا گیا ہے ، تین لبنانی شہری زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ابھی تک شہداء اور زخمیوں کی شناخت کا اعلان نہیں ہو ا ہے۔ میڈیا ذرائع نے چند گھنٹے پہلے رپورٹ دی ہے کہ صیہونی حکومت نے ڈرون طیارے سے جنوبی لبنان میں ایک کار کو نشانہ بنایا ہے۔
صیہونی حکومت نے یکم اکتوبر دوہزار چوبیس سے لبنان کے خلاف جارحیتوں کا نیا سلسلہ شروع کیا تھا جو دومہینے بعد امریکہ کی ثالثی سے جنگ بندی سمجھوتے پر منتج ہوا۔ سمجھوتے کے مطابق صیہونی حکومت کو ساٹھ دن کے اندر جنوبی لبنان سے باہر نکلنا تھا لیکن وہ بین الاقوامی قوانین کے برخلاف اس علاقے کی پانچ اسٹریٹیجک پوزیشنوں پر اپنے فوجیوں کو تعینات کئے ہوئے ہے۔ صیہونی حکومت کی فوج ، جنگ بندی سمجھوتے پر دستخط کے بعد سے اب تک ہزاروں بار سمجھوتے کی خلاف ورزی کر چکی ہے۔