غزہ میں نسل کشی کے خلاف دنیا بھر میں مظاہرہ، ہوٹل میں ٹھرے نتن یاہو کی اڑی نیند
غزہ میں مقبوضہ فلسطین کی غاصب صیہونی حکومت کی جارح فوج کے ہاتھوں فلسطینیوں کی جاری نسل کشی کے خلاف دنیا کے مختلف ملکوں میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔
سحرنیوز/دنیا : ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق فرانس کے دارالحکومت پیرس میں اولمپک گیمز میں اسرائیلی کھلاڑیوں کی شرکت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔ اولمپیک گیمز پیرس میں منعقد ہوں گے۔ فلسطینی شہریوں نے بھی غرب اردن کے شہر جنین میں صیہونی جیلوں میں قید فلسطینیوں کی حمایت میں مظاہرہ کیا اور ان قیدیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ ناروے میں بھی غرب اردن میں صیہونی پارک بنائے جانے کے لئے سرکاری فنڈ کی فراہمی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ ہوا۔
برطانیہ میں برطانوی وزیر اعظم کی رہائشگاہ کے سامنے اسرائیل کو اسلحہ فروخت کرنے والی کمپنیوں میں سرمایہ گذاری کئے جانے کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ مظاہرے کے شرکا نے فلسطینیوں کا پرچم لہراتے ہوئے فلسطینی علاقوں سے غاصبانہ قبضہ ختم کئے جانے کا مطالبہ کیا۔
الاقصی ٹی وی نے بھی ایسی تصاویر نشر کی ہیں جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نیویارک میں لوگ اس ہوٹل کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کر رہے ہیں کہ جس میں صیہونی وزیر اعظم نتن یاہو مقیم ہیں۔
مظاہرین نتن یاہو کے دورہ امریکہ کے خلاف شدید احتجاج کر رہے ہیں۔ مظاہرین نے اسرائیل کے ہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کشی اور اس پر امریکی حمایت کی مذمت بھی کی۔