امریکہ انصاراللہ کا مقابلہ کرنے میں بری طرح ناکام رہا ہے: نیویارک ٹائمز
May ۱۳, ۲۰۲۵ ۱۴:۲۶ Asia/Tehran
امریکی جریدے نے انصار اللہ یمن کے مقابلے میں امریکہ کی ناکامی سے پردہ اٹھایا ہے
سحرنیوز/دنیا: یمن میں انصاراللہ کے خلاف امریکی فوجی کارروائیوں کی ناکامی پر امریکی روزنامہ نیویارک ٹائمز نے ایک چشم کشا رپورٹ شائع کی ہے، جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ امریکہ نہ صرف فضائی برتری حاصل کرنے میں ناکام رہا بلکہ اس کے جدید ترین جنگی طیاروں اور ڈرونز کو بھی یمنی دفاعی نظام نے نشانہ بنایا۔
اخبار نے امریکی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ امریکہ کے حالیہ حملوں کے دوران یمنی ائیر ڈیفنس سسٹم ایف-16 اور ایف-35 جیسے جدید طیاروں کو نشانہ بنانے کے قریب پہنچا تھا۔ امریکہ نے انصاراللہ پر دباؤ ڈالنے کے لیے وسیع پیمانے پر فضائی حملے کیے، لیکن مطلوبہ نتائج حاصل نہ ہو سکے۔ صرف پہلے مہینے میں انصاراللہ نے امریکہ کے سات MQ-9 ڈرون مار گرائے، جو امریکی فوج کے جدید ترین جاسوس طیاروں میں شمار ہوتے ہیں۔

اخبار لکھتا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ فوری نتائج کے خواہاں تھے، لیکن میدان میں امریکی فورسز کی پیش رفت نہ ہونے پر وہ حیرت زدہ رہ گئے۔ ان حملوں میں اعلیٰ درجے کا اسلحہ استعمال کیا گیا، اس کے باوجود سینٹکام مطلوبہ اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہی، جس کے بعد ٹرمپ انتظامیہ نے یمن میں آپریشن روکنے کا فیصلہ کیا۔ خبار کے مطابق امریکی فوجی قیادت نے یمن پر حملوں کے تسلسل کی مخالفت کی، کیونکہ انہیں کوئی خاطر خواہ نتائج نظر نہیں آرہے تھے۔
