ہم ایران کے ساتھ طویل المیعاد معاہدے کے خواہاں ہیں: امریکی خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکاف
مشرق وسطیٰ کے لئےامریکی صدر کے خصوصی ایلچی نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ امریکہ ایران کے ساتھ طویل المیعاد معاہدے کا خواہاں ہے۔
سحرنیوز/دنیا: اطلاعات کے مطابق مشرق وسطیٰ کے لئے امریکی صدر کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکاف نے امریکی سی بی ایس ٹی وی چینل کے ساتھ انٹرویو میں ایران سے رابطہ کئے جانے کا دعویٰ کرتے ہوئے تہران کے ساتھ طویل المیعاد معاہدے کی خواہش کا اظہار کیا۔ اسٹیو وٹکاف سی بی ایس ٹی وی کے پروگرام "60 منٹ" میں ایران اور غزہ جنگ بندی کے بارے میں سوالات کے جوابات دیئے۔
قابل ذکر ہے کہ امریکہ نے بالواسطہ مذاکرات کے پانچ ادوار کے بعد ایران کی جوہری تنصیبات پر حملہ کیا، ٹرمپ انتظامیہ کے خصوصی نمائندے نے اپنے انٹرویو میں دعویٰ کیا کہ ایرانی ہم سے رابطہ کر رہے ہیں، ہم ایران کے ساتھ طویل المیعاد سفارتی حل کے لئےتیار ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکہ اس سلسلے میں ایران کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ ایران نے بارہا اس بات پر زور دیا ہے کہ وہ دباؤ میں آکر امریکہ کے ساتھ کوئی بات چیت نہیں کرے گا اور جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے (این پی ٹی) کے تحت اپنے مسلمہ حقوق سے دستبردار نہیں ہوگا۔