شہید آیت اللہ رئیسی کو ہندوستان کے ساتھ خاص لگاؤتھا: ہندوستان میں ایرانی سفیر
ہندوستانی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں ایران کے سفیر ڈاکٹر ایرج الٰہی نے بتایا ہے کہ شہید آیت اللہ رئیسی کو ہندوستان کے ساتھ خاص لگاوتھا۔
سحر نیوز/ ہندوستان: نئی دہلی میں تعینات اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر ڈاکٹر ایرج الٰہی نے ایرانی سفارت خانے میں’ورکنگ جرنلسٹ‘ کے ساتھ ایک تعزیتی ملاقات میں بتایا کہ جب بھی شہید صدر رئیسی سے ملاقات ہوتی تھی تو وہ ہندوستان کے بارے میں بڑی دلچسپی کے ساتھ پوچـھتے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ شہید صدر رئیسی کو ہندوستان کی ثقافت، تہذیب اور تمدن سے جتنی محبت تھی اتنی ہی وہ فارسی سے ہندوستانی لوگوں کی قربت کو کافی اہمیت دیتے تھے۔ شہید صدر رئیسی کا ماننا تھا کہ زمانہ قدیم سے لے کر عصر حاضر تک ہر دور میں دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط تعلقات کا ایک راز فارسی زبان بھی ہے۔
ایران کے سفیر ڈاکٹر ایرج الٰہی نے، شہید صدر آیت اللہ سید ابراھیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان ودیگر رفقاء کی شہادت پر جس طرح ہندوستان میں سوگ منایا گیا اسکا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی دوستی اورہمدردی ہمارے لئے بہت بڑا سرمایہ ہے۔یہ کوئی آج کل کی بات نہیں ہے بلکہ ہندوستان اورایران کے درمیان ایک طویل تاریخ رہی ہے جس میں دونوں ملک ایک دوسرے کی خوشی اورغم میں برابرشریک رہے ہیں۔