Dec ۰۴, ۲۰۲۳ ۰۹:۴۴ Asia/Tehran
  • ایران اور عمان کے وزرائے خارجہ کی مشترکہ پریس کانفرنس، امریکہ غاصب اسرائیل کی وحشیگری کو بند کرائے

ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے کہا ہے کہ ہم جنگ پسندوں کو خبردار کرتے ہیں جو غزہ اور مغربی کنارے میں جنگ کو وسعت دینے کے درپے ہیں اس سے پہلے کہ دیر ہوجائے، امریکہ فوری طور پر اسرائیلی مجرموں کی حمایت کرنا بند کردے۔

سحرنیوز/ایران: حسین امیرعبداللہیان نے عمان کے وزیر خارجہ بدر البوسیدی کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ہفتے کے روز ہم نے استقامتی رہنماؤں سے سنا کہ اگر یہ صورت حال جاری رہی تو خطہ ایک نئے مرحلے میں داخل ہو جائے گا، خطے میں جنگ کی وسعت پوری طرح سے قابل فہم ہے اور تمام جنگ پسند گروپوں کو خبردار کرتے ہیں کہ اس قتل عام کو روک دیں، اس سے پہلے کہ دیر ہو جائے۔ ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم دنیا کی تمام حکومتوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس جنگ کو روکنے اور رفح گزرگاہ کو کھلوانے کے لئے مناسب اقدامات کریں تاکہ ایندھن اور دیگر انسان دوستانہ امداد ضرورت مندوں تک پہنچ سکے۔
امیرعبداللہیان نے کہا کہ صیہونی حکومت کے حکام کے خلاف بین الاقوامی عدالت میں مقدمہ چلانا ایک عوامی مطالبہ ہے اور ایران سمیت بعض ملکوں کی حکومتوں کی طرف سے کئی دوسرے ممالک کے تعاون سے شکایات کا آغاز ہوچکا ہے۔ عمان کے وزیر خارجہ بدر البوسیدی نے اس موقع پر کہا کہ ایک طرف امریکہ میڈیا میں اسرائیل کو خواتین، بچوں اور عام شہریوں کا قتل عام بند کرنے کا مشورہ دیتا ہے لیکن عملی طور پر وہ غزہ میں ہونے والی نسل کشی کی حمایت کرتا ہے۔

ٹیگس