غزہ میں صیہونی حکومت کی نسل کشی میں امریکہ اور جرمنی برابر کے شریک: ایران
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے امریکہ اور جرمنی کو غزہ میں صیہونی حکومت کی نسل کشی میں برابر کا شریک قرار دیا ہے۔
سحرنیوز/ایران: ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے پیر کی شب ایکس پر اقوام متحدہ کے خصوصی رپورٹر بن ساؤل کے حوالے سے لکھا کہ اسرائیل کو نوے فیصد ہتھیار امریکہ اور جرمنی نے برامد کئے ہیں۔ اسماعیل بقائی نے کہا کہ امریکہ اور جرمنی اسرائیل کے لئے ہتھیاروں کی برامدات جاری رکھ کر اس نسل کشی میں شامل ہيں اور اس میں تعاون کر رہے ہيں اور اس طرح غزہ میں نسل کشی میں پوری طرح شریک ہیں۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ امریکہ اور جرمنی نے انسانی حقوق کی پابندی سے متعلق اصولوں کو پامال کر دیا ہے اور نسل کشی کی سزا دینے اور اس کی روک تھام کے سلسلے میں اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کو پورا نہيں کر رہے ہيں ۔ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے تاکید کے ساتھ مطالبہ کیا کہ ان ممالک کو ان کی خلاف ورزیوں اور مجرمانہ اقدامات کا ذمہ دار قرار دیا جائے اور انھیں جوابدہ بنایا جائےامریکہ اور جرمنی ، صیہونی حکومت کی ہمہ گیر حمایت اور اسلحے فراہم کر کے غزہ میں اسرائیل کے ہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کشی اور قتل عام کو بڑھاوا دے رہے ہيں۔