Jan ۱۷, ۲۰۲۵ ۱۹:۰۶ Asia/Tehran

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے اپنے روسی ہم منصب کے ساتھ ملاقات میں کہا کہ ایران اور روس کے تعلقات حساس، اہم اور اسٹریٹجک ہیں اور ہم اس راہ میں مضبوطی سے کھڑے ہیں-

سحرنیوز/ایران: ماسکو میں واقع کاخ کریملن میں روسی صدر ولادیمیر پوتین کے ساتھ ملاقات میں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدرڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا کہ یہ سپریم لیڈر کا نقطۂ نظر اور ان کی سفارش ہے کہ خطے کا انتظام و انصرام علاقائی حکومتوں کے پاس ہونا چاہیے اور اس کی کوئی ضرورت نہیں کہ اغیار دنیا کے اس پار سے آکر علاقے کی صورتحال کو درھم برھم کریں اور خطے کی حکومتوں پر اپنی پالسیاں مسلط کریں- اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا کہ ایران اور روس کے درمیان رابطہ اور تعاون ، یقینی طور پر ان کے منصوبوں کو ناکام بنا دے گا۔ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ جامع اسٹریٹجک معاہدے کا ذکر کرتے ہوئے صدر پزشکیان نے کہا کہ اس معاہدے پر دستخط کے ذریعے ہم سلامتی، ثقافت اور تجارت کے تمام شعبوں میں اپنے درمیان تعلقات کو مضبوط بنا سکتے ہیں۔

صدر مسعود پزشکیان نے مزید کہا کہ ہم نے اس معاہدے کے نفاذ اور اسے عملی جامہ پہنانے کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کر دیا ہے اور ہم ان کو نافذ کرنے کے لیے پرعزم ہیں- اس ملاقات میں روسی صدر نے بھی اس بات پر زور دیا کہ روس اور اسلامی جمہوریہ ایران کے درمیان جامع اسٹریٹجک شراکت داری کے معاہدے سے، دوطرفہ اقتصادی تعاون کو وسعت دینے میں مدد ملے گی اور ہمیں اپنے تعلقات کو تمام جہتوں میں متنوع بنانے کا موقع ملے گا۔

ولادیمیر پوتین نے کہا کہ ہم آپ کو ماسکو میں دیکھ کر خوشی محسوس کر رہے ہیں۔ آپ کا دورہ خاص اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ آج ہم نہ صرف دو طرفہ تعاون کے مسائل پر بات کریں گے، بلکہ ایک جامع اسٹریٹیجک شراکت داری کے معاہدے پر بھی دستخط کریں گے۔ روسی صدر نے مزید کہا کہ ہم طویل عرصے سے اس معاہدے پر کام کر رہے ہیں اور ہمیں بہت خوشی ہے کہ یہ کام مکمل ہو گیا ہے۔ اس دستاویز پر دستخط سے ہمیں دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کو متنوع بنانے کا موقع ملے گا اور مجھے یقین ہے کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو وسعت دینے میں مدد ملے گی۔

روسی صدر نے مزید کہا کہ میں ایران کے سپریم لیڈر کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔ ایران اور روس کے تعلقات میں جو کچھ انجام پا رہا ہے وہ ان کی دور اندیشی اور نگرانی میں ہو رہا ہے-

 

ٹیگس