ایرانی صدر کا نیویارک دورہ، اقوام متحدہ کی جنرل اسبملی میں گونجے گی غزہ کے مظلوموں کی آواز
صدر مملکت ڈاکٹر مسعود پزشکیان منگل کے روز نیویارک جا رہے ہیں۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے سیاسی مشیر مہدی سنائی نے بتایا ہے کہ صدر مملکت 23 ستمبر کو تہران سے روانہ ہوں گے اور بدھ کی شام کو اقوام متحدہ کی جنرل اسبملی سے خطاب کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر مختلف ممالک کے صدور اور وزرائے اعظم نیز اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ساتھ ان کی ملاقات طے ہے۔ اس کے علاوہ مختلف تحقیقاتی مراکز اور امریکہ میں مقیم ایرانی شہریوں سے ان کی مشترکہ نشستیں ہوں گی۔

بتایا جا رہا ہے کہ امریکی حکومت کی جانب سے سفر میں عائد کی گئی مختلف رکاوٹوں کے باوجود، صدر پزشکیان اور ان کا ہمراہ وفد، 12 روزہ جنگ اور ایران کے سلسلے میں مغرب کے دوہرے معیار اور منافقانہ رویہ کا پردہ فاش کرنے کے لیے ڈپلومیسی اور ذرائع ابلاغ سے گفتگو کا بھرپور استفادہ کرے گا۔
بتایا گیا ہے کہ جنرل اسمبلی کے موقع پر منعقد ہونے والی مختلف نشستوں اور خصوصی کمیشنوں میں شرکت بھی ایرانی وفد کے ایجنڈے میں شامل ہے جہاں دہشت گردی کے مقابلے، عالمی اور علاقائی امن و استحکام اور مغربی ایشیا میں مقامی ممالک کی مدد سے قیام امن کو یقینی بنانے جیسے انتہائی اہم موضوعات پر غور کیا جائے گا۔

اس دوران غزہ کے عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم اور صیہونی حکومت کے خلاف عالمی محاذ تیار کرنے کے لیے بھی گفتگو متوقع ہے۔