مصر کے وزیر خارجہ کا ایرانی وزیر خارجہ سے ٹیلی فونی رابطہ: دو طرفہ تعلقات سمیت مختلف موضوعات پر تبادلۂ خیال
اطلاعات کے مطابق ایران اور مصر کے وزرائے خارجہ کے درمیان ٹیلی فونی رابطہ ہوا ہے جس میں دو طرفہ تعلقات سمیت مختلف موضوعات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
سحرنیوز/ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی نے اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے ٹیلی فونی رابطہ اور دو طرفہ تعلقات اور علاقائی اور بین الاقوامی تغیّرات کے بارے میں تبادلۂ خیال کیا۔
رپورٹ کے مطابق اس ٹیلی فونی گفتگو میں نسل کُشی روکے جانے کے لئے ہوئے معاہدے کے پس منظر میں غزہ کی تازہ صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔ ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے ٹیلی فونی گفتگو میں صیہونی حکومت کی طرف سے گزشتہ چند روز کے دوران جنگ بندی معاہدے کی سنگین خلاف ورزی پر، جس کے نتیجے میں درجنوں فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے ہیں، اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا۔
سید عباس عراقچی نے غاصب اسرائیلی حکومت کے ذریعہ جاری جارحیت اور فلسطینیوں کا قتل عام رکوانے کے لئے جنگ بندی کی ضمانت دینے والوں اور پوری عالمی برادری کی ذمہ داری پر زور دیا۔ اس ٹیلی فونی گفتگو میں مصری وزیر خارجہ کو ایٹمی معاملے سے متعلق ایران کے موقف سے بھی آگاہ کیا گیا۔