Jan ۰۳, ۲۰۲۶ ۱۷:۰۷ Asia/Tehran
  • پرعزم اور متحد قوم کبھی امریکہ و اسرائیل کے سامنے سر تسلیم خم نہیں کرے گی، صدر پزشکیان

ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے پولیس فورس کے لئے رہائشی یونٹس کی تعمیر کے ذمہ داران کی اعزازی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کوئی قوم پختہ عزم، اتحاد اور قرآن و امام کی پیروی پر کاربند ہو، تو اسے امریکہ اور صیہونی ریاست جیسی طاقتیں کبھی مغلوب نہیں کر سکتیں۔

سحرنیوز/ایران: تفصیلات کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے پولیس فورس کے رہائشی یونٹس کی تعمیر مکمل ہونے کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں عدل و انصاف کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا امام کا راستہ، خدا کا راستہ قرآن کے احکامات پر درست طریقے سے عمل پیرا ہونا ہے۔ کسی بھی گروہ، قوم، جنس یا عقیدے کو انصاف کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننا چاہیے۔

صدر نے قرآن کریم کی متعدد آیات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم نہ تو اقتدار کے بھوکے ہیں اور نہ ہی کسی کے ساتھ زور زبردستی کا رویہ اختیار کرنا چاہتے ہیں۔ اللہ نے ہمیں عدل اور احسان کا حکم دیا ہے۔ اگر ہم اپنوں اور غیروں کے ساتھ سلوک میں فرق کریں گے، تو ہم نہ تو خدا کے راستے پر ہیں اور نہ ہی امام کے راستے پر۔

صدر پزشکیان نے قرآن کو کتابِ زندگی قرار دیتے ہوئے مزید کہا کہ امام حسین علیہ السلام نے کربلا کے راستے میں فرمایا تھا کہ امام وہی ہے جو کتابِ خدا پر عمل کرے، عدل قائم کرے اور معاشرے میں حق کی راہ کو جاری کرے۔ عدل اور حق کی راہ وہ فریضہ ہے جس کی طرف ہم سب کو بڑھنا چاہیے۔ انہوں نے تاکید کی کہ وہ ان تصورات کو محض نعرہ یا نصیحت نہیں سمجھتے بلکہ ان پر کامل ایمان رکھتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ ملک میں ایسا انصاف ہو کہ کوئی بھی انسان اپنے خاندان کے سامنے شرمندہ نہ ہو۔

مغربی طاقتوں کے دوہرے رویے پر تنقید کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ امریکہ اور غاصب صیہونی ریاست ایک طرف تو عالمی سطح پر بے شرمی سے قتلِ عام کر رہے ہیں اور دوسری طرف انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی باتیں کرتے ہیں۔ جو قوم ان کا ساتھ نہیں دیتی اسے کچل دیا جاتا ہے لیکن اگر کوئی قوم مصمم، متحد اور ایک قبلہ، ایک کتاب اور ایک امام پر متفق ہو، تو وہ آسانی سے ہار نہیں مانے گی۔

صدر پزشکیان نے محروم طبقے کی حمایت سے متعلق قرآنی تعلیمات کا ذکر کرتے ہوئے واضح کیا کہ وہ نماز جو عوام کے مسائل حل نہ کرے، ضرورت مندوں کی معیشت کی فکر نہ کرے اور یتیموں کا دفاع نہ کرے، قرآن کی رو سے اس کی کوئی قدر نہیں۔ حقیقی دینداری عوام کی معیشت کے بغیر ممکن نہیں ہے۔

ہمیں فالو کریں: 

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channel

آخر میں انہوں نے پولیس فورس کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کی سلامتی اور تحفظ کے لیے آپ کی خدمات کا تہہِ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ آپ کا اصل اجر اللہ کے پاس ہے، لیکن ہم بھی جہاں تک ممکن ہو، خود کو آپ کا خدمت گزار سمجھتے ہیں۔

ٹیگس