ترکیہ، متحدہ عرب امارات اور فرانس کے وزرائے خارجہ سے ایرانی وزیر خارجہ کی گفتگو میں علاقائی و بین الاقوامی صورت حال پر تبادلۂ خیال
ایرانی وزیر خارجہ نے ترکیہ، متحدہ عرب امارات اور فرانس کے وزرائے خارجہ سے ٹیلی فونی گفتگو کرتے ہوئے تازہ ترین علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال نیز باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔
سحرنیوز/ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان سے ہونے والی ٹیلی فونی گفتگو میں ایران میں گزشتہ چند روز کے دوران بیرونی مداخلت کی وجہ سے ہونے والے پُرامن مظاہروں کے پُر تشدد مظاہروں میں بدل جانے اور بلوہ و فساد اور دہشت گردانہ واقعات رونما ہونے کی تفصیلات سے ان کو آگاہ کیا۔
ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے فرانس کے وزیر خارجہ ژان نوئل بارو سے ٹیلی فونی گفتگو میں دونوں ملکوں کے مابین مختلف شعبوں میں تعلقات پر تبادلۂ خیال کیا۔ اس ٹیلی فونی گفتگو میں ایران کے وزیر خارجہ نے ایران میں غیر ملکی مداخلت پر رونما ہونے والے پر تشدد واقعات اورغیر ملکی زرخرید ایجنٹوں اور دہشت گردوں کے ذریعے بے گناہ ایرانی عوام اور سیکورٹی اہلکاروں کی شہادت اورعمارتوں، گاڑیوں اور دکانوں کو نذر آتش کرنے اور غیر ملکی مداخلت کی مذمت کرنے کا مطالبہ کیا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زائد آل نہیان کے ساتھ ٹیلی فون پرگفتگو کرتے ہوئے تازہ ترین علاقائی اوربین الاقوامی صورت حال نیز باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا اور ہرقسم کی بیرونی مداخلت کے مقابلے میں تہران کی آمادگی کا اعلان کیا۔ ایران کے وزیر خارجہ نے اس ٹیلی فونی گفتگو میں ملک میں ہونے والے بدامنی کے حالیہ واقعات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے عوام اور سیکورٹی اداروں نے بیداری اور چوکسی سے کام لیتے ہوئے پرامن احتجاجی مظاہروں کو امریکہ اور صیہونی حکومت کے زرخرید ایجنٹوں کے ذریعے بلووں میں تبدیل کرنے کی سازش ناکام بنادی۔
انہوں نے امریکی حکام کے بیانات کو ایران کے اندرونی معاملات میں مداخلت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران کے عوام بیرونی مداخلت کے مقابلے اور ملکی سلامتی کے لیے پرعزم ہیں۔ متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے اس موقع پرابوظہبی اور تہران کے درمیان مستقل مشاورت اور علاقائی سلامتی کے لیے خطے کے ملکوں کی اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel
دوسری جانب ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے اپنی ایکس پوسٹ میں یورپی یونین کے دوہرے معیاروں پر سخت تنقید کی ہے۔ وزیرخارجہ نے یورپی پارلیمان میں ایرانی سفارت کاروں اور نمائندوں کے داخل ہونے پر پابندی پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے یورپ کو مخاطب کرکے لکھا کہ عوام احمق نہیں ہیں اور جو کچھ ہو رہا ہے وہ اپنی آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایران یورپی یونین سے دشمنی کا خواہاں نہیں لیکن ہر طرح کی پابندی کا بدلہ ضرور لے گا۔