Jan ۱۹, ۲۰۲۶ ۰۹:۵۱ Asia/Tehran
  • ایران اور عراق کی اقوام کے مستحکم اور تاریخی تعلقات پائیدار تھے اور رہیں گے: صدرِ مملکت پزشکیان

صدرِ مملکت ڈاکٹر پزشکیان نے کہا ہے کہ دونوں ملکوں، ایران و عراق، کی اقوام کے درمیان مستحکم اور تاریخی تعلقات آج تک پائیدار رہے ہیں اور آئندہ بھی رہیں گے۔

سحرنیوز/ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق عراق کے وزیر خارجہ فواد حسین نے اتوار کی شام تہران میں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں صدر مملکت ڈاکٹر پزشکیان نے مختلف شعبوں میں اچھے تعاون اور ایران و عراق کے سرحدی صوبوں کے گورنروں کے اجلاسوں کے انعقاد کو دونوں ملکوں کی اقوام کی ترقی و پیش رفت کے سلسلے میں مثبت اور تعمیری اقدامات کا حصہ قرار دیا۔ ڈاکٹر پزشکیان نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے پروجیکٹوں پر سنجیدگی کے ساتھ عمل ہو رہا ہے اور عراق اور علاقے کے دیگر ممالک کے ساتھ اقتصادی، سیاسی، علمی اور ثقافتی، تمام شعبوں میں تعاون میں فروغ اور تقویت کی ہماری کوشش رہی ہے۔

انہوں نے ایران میں رونما ہونے والے حالیہ تلخ واقعات کو ایرانی عوام پر مسلط کئے گئے حالات سے غلط فائدہ اٹھانے کے لئے امریکہ اور غاصب اسرائیلی حکومت کا مشترکہ منصوبہ قرار دیا اور کہا جسیا کہ غاصب اسرائیلی حکومت ظلم و جارحیت کے ارتکاب میں کسی بھی طریقے سے دریغ نہیں کرتی، اس کے زر خرید ایجنٹوں نے بھی حالیہ واقعات میں انتہائی تشداد اور جارحیت کا مظاہرہ کیا اور دوسری طرف فسادیوں اور بلوائیوں کی حمایت میں کئے گئے امریکی صدر ٹرمپ کے اقدامات سے اس فتنہ اور سازش کی ماہیت کو بخوبی واضح کردیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ اگر ہم تمام مسلمان ایک ساتھ اور متحد رہیں تو دنیا کی کسی بھی طاقت میں ہمیں ڈرانے دھمکانے کی ہمت نہیں ہوگی اور اللہ کے فضل و کرم سے عزت کے ساتھ مل کراپنے راستے پر گامزن رہیں گے۔

اس موقع پر عراقی وزیر خارجہ فواد حسین نے صدر پزشکیان کے ساتھ ہونے والی ملاقات پر اظہار مسرت کیا اور عراقی صدر اور وزیر اعظم کا خلوص بھرا سلام ایرانی حکومت اور عوام کو پیش کیا اور کہا کہ ہم ایرانی سلامتی کو اپنی سلامتی بلکہ علاقے کی سلامتی سمجھتے ہیں اور اس کے خلاف کوئی بھی اقدام قابل قبول نہیں ہے۔

ہمیں فالو کریں:  

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channel

فواد حسین نے دونوں ملکوں کے عوامی اور تاریخی اور گہرے تعلقات کی طرف اشارہ کیا اور کہا کہ ایران و عراق مضبوط تاریخ کے حامل رہے ہیں اور پوری تاریخ میں بہت سے آئے اور بہت سے چلے گئے لیکن ایران و عراق کی دونوں اقوام بدستور اپنی جگہ پر قائم ہیں۔

 

ٹیگس