ایرانی سول ایوی ایشن اتھارٹی کا طبی امدادی طیارے پر حملے کی شدید مذمت، اسے جنگی جرم قرار دے دیا
ایران کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایرانی غیر فوجی طیارے پر اسرائیلی اور امریکی حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے کھلا جنگی جرم اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
سحرنیوز/ایران: جاری بیان کے مطابق، مذکورہ طیارہ مختلف ممالک سے ادویات اور طبی سامان لے کر ایران پہنچا تھا اور مشہد ایئرپورٹ پر اترا ہوا تھا کہ اسے نشانہ بنایا گیا۔
ادارے نے کہا کہ انسانی ہمدردی کے مشن پر مامور سویلین طیاروں کو نشانہ بنانا بین الاقوامی ہوا بازی کے قوانین اور انسانی حقوق کے اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ شکاگو کنونشن 1944 اور مونٹریال کنونشن 1971 کے تحت شہری ہوائی جہازوں کی سلامتی کے خلاف کسی بھی اقدام کو بین الاقوامی جرم تصور کیا جاتا ہے۔
اسی طرح جنیوا کنونشن کے اضافی پروٹوکول کی دفعہ 52 کے مطابق، غیر فوجی اہداف خصوصاً امدادی سامان لے جانے والے طیاروں پر حملہ جنگی جرم کے زمرے میں آتا ہے۔
ایرانی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے عالمی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس واقعے کی فوری تحقیقات کریں، ذمہ داران کے خلاف کارروائی کریں اور شہری ہوا بازی کو درپیش ایسے خطرات کی روک تھام یقینی بنائیں۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel