Dec ۱۶, ۲۰۲۴ ۱۸:۲۸ Asia/Tehran
  • غزہ کی سڑکوں پر بکھری لاشیں، انسانی حقوق کے نام نہاد ٹھیکیداروں کی آنکھوں پر پٹی!

غزہ کے سرکاری ذرائع نے اس پٹی میں صیہونی حکومت کے جرائم میں ستر فلسطینیوں کی شہادت اور سڑکوں پر بکھری لاشوں کی خبر دی ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: العالم کے مطابق غزہ کے سرکاری ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ صہیونی فوجیوں نے شمالی غزہ میں ایک انتہائی وحشیانہ جرم کا ارتکاب کیا ہے جس کے نتیجے میں درجنوں شہداء کی لاشیں سڑکوں پر بکھری پڑی ہیں۔غزہ کی پٹی میں سرکاری انفارمیشن آفس کے ڈائریکٹر اسماعیل الثوابتہ نے کہا ہے کہ قابض حکومت جان بوجھ کر شہری دفاع کی ٹیموں اور طبی عملے کا قتل عام کر رہی ہے۔

اسماعیل الثوابتہ نے مزید کہا کہ عام شہریوں، صحافیوں اور شہری دفاع کی ٹیموں کے خلاف صہیونی دشمن کے حملوں میں شدت آگئی ہے۔غزہ کی پٹی میں قابض حکومت کے ہاتھوں دوسو کے قریب صحافیوں کی شہادت کا ذکر کرتے ہوئے الثوابتہ نے اعلان کیا کہ ہم عالمی برادری سےمطالبہ کرتے ہیں کہ وہ صحافیوں کے خلاف صیہونی جرائم اور قتل و غارت گری کو روکنے کے لیے دباؤ ڈالے۔انھوں نے مزید کہا کہ اتوار کے روز شمالی غزہ کے بیت حانون میں واقع خلیل عویضہ نامی اسکول پر اسرائیلی دشمن کے وحشیانہ حملے کے دوران کم از کم تینتالیس شہری شہید ہو گئے۔ گزشتہ دنوں صیہونی فوج کی بربریت میں غزہ میں پانچ میئرز شہید اور طبی عملے کے متعدد افراد شہید ہوئے ہیں-

غزہ کے اس سرکاری اہلکار نے کہا کہ صہیونی دشمن نے چھ سو ٹن سے زیادہ انسانی امداد کو غزہ کی پٹی میں داخل ہونے سے روک دیا ہے- غزہ کے محکمہ شہری دفاع کے ترجمان محمود بصل نے بھی اس سلسلے میں کہا کہ قابض حکومت کی جانب سے اتوار کی شام غزہ کی شہری دفاع کی ٹیم کے خلاف جو گھناؤنا جرم انجام دیا گيا وہ ایک واضح جنگی جرم ہے۔ محمود بصل نے یہ بھی کہا کہ غزہ کی شہری دفاع کی ٹیم کے چورانوے ارکان صیہونیوں کے جرائم میں شہید ہوئے ہیں۔

صہیونیوں نے کمال عدوان ہسپتال کے تمام بنیادی ڈھانچے کو تباہ کر دیا ہے۔جارح صیہونی حکومت کی فوج کے ہاتھوں فلسطینیوں کا قتل عام جاری رہنے کے ساتھ ہی دنیا کے مختلف ملکوں میں اس غاصب حکومت کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے اور فلسطین کے حامی عوام غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کر رہے ہيں- جبکہ تل ابیب اور مقبوضہ فلسطین کے دیگر علاقوں میں بھی نتنیاہو اور اس کی کابینہ کے خلاف صیہونیوں کے مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے اور مظاہرین غزہ میں جنگ کے خاتمے اور اپنے قیدیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کر رہے ہيں-

 

ٹیگس