Jan ۰۳, ۲۰۲۵ ۱۵:۲۶ Asia/Tehran
  • غزہ: صیہونی دہشت گردی میں 28 فلسطینی شہید 59 زخمی

غزہ میں جارح صیہونی حکومت کے فوجیوں کے جرائم کا سلسلہ جاری ہے ۔

سحر نیوز/ عالم اسلام:  گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صیہونی فوجیوں کے جنگی جرائم کے نتیجے میں اٹھائیس فلسطینی شہید اور انسٹھ زخمی ہوگئے ہیں۔ مرکزی غزہ میں ایک رہائشی مکان پر صیہونی فوج کی بمباری میں نو فلسطینی شہید ہوگئے۔ مرکزی غزہ میں واقع المغازی کیمپ کے رہائشی مکان پر اسرائیلی فوج کی بمباری میں متعدد فلسطینی زخمی بھی ہوئے ہیں ۔ ایسی حالت میں جب غزہ جنگ چار سو انسٹھویں دن میں داخل ہوگئي ہے فلسطینی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے گزشتہ چوبیس گھنٹے میں اس علاقے میں جنگی جرائم کے پانچ واقعات انجام دیئے ہیں جن میں اٹھائیس فلسطینی شہید اور انسٹھ زخمی ہوئے ہيں۔ ان اعداد و شمار کے ساتھ سات اکتوبر دوہزار تیئس سے اب تک غزہ میں پینتالیس ہزار پانچ سو اکیاسی افراد شہید اور ایک لاکھ آٹھ ہزار چار سو اڑتیس زخمی ہوچکے ہيں۔

اس درمیان اقوام متحدہ کے ماہرین نے صیہونی حکومت کے ہاتھوں غزہ میں میڈيکل اور حفظان صحت کے تمام اصولوں کی کھلی خلاف ورزي پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شمالی غزہ پٹی میں واقع کمال عدوان اسپتال پر حملے کے بعد اس علاقے میں اسرائیلی حکومت کے حملوں کو جنگی جرم قرار دیا۔ اقوام متحدہ کے ماہرین نے کمال عدوان اسپتال کے سربراہ ڈاکٹر حسام ابو صفیہ کے انجام پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صیہونی حکومت کے فوجیوں نے اس اسپتال کے اطراف میں متعدد فلسطینیوں کو پھانسی دے دی ہے ۔

 

 

ٹیگس