Jan ۱۲, ۲۰۲۵ ۱۵:۵۱ Asia/Tehran
  • غزہ جنگ کے چار سو چونسٹھویں دن بھی صیہونی حکومت کی جارحیت جاری

غزہ پٹی پر صیہونی حکومت کی جارحیت کو آج چار سو چونسٹھ دن پورے ہوچکے ہیں اور غاصب صیہونی فوجی غزہ کے خلاف اپنی وحشیانہ جارحیت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں

سحر نیوز/ عالم اسلام:  صیہونی دہشت گردوں نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران غزہ کے متعدد علاقوں خاص طور پر شمالی علاقوں پر بمباری اور گولہ باری کی ہے۔ غزہ کے بریج اور نُصیرات کیمپ کو صیہونی دہشت گردوں نے ایک بار پھر نشانہ بنایا جس میں دسیوں فلسطینیوں کے شہید و زخمی ہونے کی خبر ہے۔ جبالیا کیمپ سے بھی اطلاعات ہیں کہ ایمبولیس سروس کا ایک اہلکار حسن الکحلوت صیہونی دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہو گیا۔ دوسری جانب حماس کے ایک باخبر ذریعے کا کہنا ہے کہ اس وقت یہ کہنا ممکن ہو گیا ہے کہ جنگ بندی کے حوالے سے آئندہ رقم ہونے والا افق واضح ہو گیا ہے اور جنگ بندی کی کوششوں میں سرگرم ثالث ممالک اس وقت جنگ بندی معاہدے کا اعلان کرنے کا راستہ ہموار کر رہے ہیں۔ حماس کے مذکورہ ذریعے کا کہنا ہے کہ اس وقت سب کی نگاہیں صیہونی حکومت کے وزیر اعظم نیتن یاہو پر ٹکی ہوئی ہیں کہ وہ دوحہ میں معاہدے کے اندر کی جانے والی آخری ترامیم کے حوالے سے اپنی رضامندی ظاہر کرے۔ امریکا، مصر اور قطر کی ثالثی میں غزہ جنگ بندی کی کوششیں جاری ہیں۔ اس درمیان نومنتخب امریکی صدر ٹرمپ کے خصوصی نمائندے برائے مشرق وسطیٰ اسٹیووٹکوف نے مقبوضہ فلسطین کا دورہ کر کے غاصب حکومت کے وزیراعظم نیتن یاہو سے ملاقات اور غزہ جنگ بندی معاہدہ پر بات چیت کی ہے۔ نیتن یاہو کے دفتر کا کہنا ہے کہ بات چیت کے بعد ایک اعلیٰ سطحی مذاکراتی وفد دوحہ روانہ کیا گیا ہے۔ جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے لئے کوششوں میں پیشرفت کی خبروں کے باوجود جہاں مقبوضہ فلسطین کے اندر احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں وہیں دنیا کے مختلف ممالک میں بھی صیہونی حکومت کے خلاف احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ ہزاروں صیہونی باشندوں نے ایک بار پھر تل ابیب اور مقبوضہ قدس سمیت متعدد علاقوں میں نیتن یاہو کی حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکل کر احتجاج کیا۔ انہوں نے قیدیوں کے تبادلے میں ہوئی تاخیر کا ذمہ دار نیتن یاہو کی کابینہ کو قرار دیا۔ احتجاج کے دوران مظاہرین پر صیہونی پولیس کے تشدد کی بھی اطلاعات ہیں۔ امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن میں بھی فلسطین کے حامیوں نے احتجاج کر کے غزہ میں اغوا کئے جانے والے میڈیکل اسٹاف کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ اس کے علاوہ فرانس سویڈن اور ترکیہ سے بھی اطلاعات ہیں کہ فلسطین کے حامیوں نے صیہونی جرائم کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے غزہ میں فوری جنگ بندی اور مؤثر انداز میں امداد رسانی کا مطالبہ دہرایا۔

 

ٹیگس