ظالم مظلوموں پر پابندی لگا رہا ہے! یمن کا امریکا کو منہ توڑ جواب
یمن کو دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرنے کے امریکی اقدام کے ردعمل میں انصار اللہ یمن نے اعلان کیا ہے کہ واشنگٹن کہ جو فلسطینیوں اور بے گناہوں کے قتل عام میں ملوث ہے اسے دوسرے ممالک کے بارے میں فیصلہ کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: یمن کی تحریک انصاراللہ کے سیاسی دفتر نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ امریکہ کہ جس کے ہاتھ بے گناہوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں، اس پوزیشن میں نہیں ہے کہ وہ دوسرے ممالک اور اقوام کو دہشت گردی کی فہرست میں شامل کرسکے۔ بیان میں کہا گيا ہے کہ تحریک انصار اللہ کو دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کرنا ایک دانستہ اقدام ہے اور اس کا صہیونیت کی خدمت کے علاوہ کوئی جواز نہیں ہے۔
یمن کی تحریک انصار اللہ کے سیاسی دفتر نے کہا کہ یمنی عوام کے ساتھ امریکہ کی دشمنی اور صیہونی حکومت کا ہر طرح سے دفاع کرنا کسی پر پوشیدہ نہیں ہے اور نئی امریکی حکومت کے اس ظالمانہ اقدام کا واحد مقصد فلسطینی عوام کے خلاف صیہونی حکومت کے جرائم کی حمایت کرنا ہے- یمن کی تحریک انصار اللہ نے مزید کہا کہ امریکہ کا ہدف یمنی عوام کے رنج و آلام میں اضافہ کرنا اور اس ملک کے عوام اور مسلح افواج کو مظلوم فلسطینیوں اور ان کے اہداف کی حمایت جاری رکھنے سے باز رکھنا ہے۔
یمن کی تحریک انصار اللہ کے سیاسی دفتر نے آزاد ممالک اور اقوام کے ساتھ ساتھ انسانی حقوق کی تنظیموں سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ امریکہ کے اس غیر اخلاقی فیصلے کی مذمت کریں۔ وائٹ ہاؤس نے صیہونی حکومت کے اہم ترین حامی کے طور پر حال ہی میں یمن کی تحریک انصار اللہ کو امریکہ کی طرف سے بنائی گئی نام نہاد دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کیا گيا ہے۔