Mar ۱۸, ۲۰۲۵ ۲۰:۱۸ Asia/Tehran
  • یمن پر امریکا اور برطانیہ کے  نئے حملے، انصاراللہ کی جوابی کاروائی سے امریکی جنگی بحری جہاز پیچھے ہٹنے پر ہوئے مجبور

یمن کے مختلف علاقوں پر امریکہ کے نئے حملے ہوئے ہیں جبکہ یمنی مسلح افواج نے امریکی جارحیت پر جوابی کارروائی بھی ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام:  المسیرہ ٹی وی چینل نے منگل کی صبح ایک بیان میں بتایا ہے کہ صنعا صوبے کے " جبل صرف" علاقے پر امریکہ نے حملہ کیا ہے۔ امریکہ نے اسی طرح صنعا کے الثورہ علاقے کے " الستین غربی" سڑک پر حملہ کیا ہے۔  یمنی ذرائع ابلاغ کے مطابق الحدیدہ صوبے کے باجل ضلع میں واقع فولاد کے کارخانے الحبشی پر امریکی فوج نے کم سے کم بارہ ہوائی حملے کئے ہیں۔ ابھی تک ان حملوں سے ہونے والے نقصانات کی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔

در ایں اثنا یونیسیف نے ایک بیان جاری کرکے صعدہ پر امریکی حملوں میں ایک چھے اور ایک آٹھ سال کے بچوں کی شہادت کی تصدیق کی ہے ۔ ہفتے کی شام امریکہ و برطاینہ کے بمبار طیاروں نے صعنا اور صعدہ پر وسیع پیمانے پر بمباری کی تھی جس میں دسیوں یمنی شہید اور زخمی ہوئے تھے۔  امریکی حملوں کا جواب دیتے ہوئے یمن کی مسلح افواج نے امریکہ کے طیارہ بردار جہاز ہیری ٹرومین کو شمالی بحیرہ احمر میں دو کروز میزائلوں اور دو ڈرون طیاروں سے نشانہ بنایا ہے۔

یمنی مسلح افواج کے بیان کے مطابق گزشتہ اڑتالیس گھنٹوں میں یمنی افواج نے ہیری ٹرومین طیارہ بردار جہاز پر تیسری بار حملہ کیا ہے۔ یمنی فوج نے اسی طرح بتایا ہے کہ یمن کے خلاف وسیع پیانے پر حملہ کرنے کے امریکی منصوبے کو ناکام بنا دیا گیا ہے اور امریکی جنگی بحری جہاز، پیچھے ہٹ کر بحیرہ احمر کے شمالی حصے میں چلے گئے ہیں۔ صنعا نے زور دیا ہے کہ بحیرہ احمر میں فوجی کشیدگی کی تمام تر ذمہ داری امریکہ پر عائد ہوتی ہے اور اس کے انجام کا بھی وہی ذمہ دار ہوگا۔ 

یمن پر امریکہ کے حالیہ حملوں کے رد عمل میں یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے رکن محمد الحوثی نے کہا ہے کہ یمنی قوم کو امریکہ کی جارحیت اور دہشت گردی کا کوئی ڈر نہیں ہے ۔ ادھر پیر کے روز دسیوں لاکھ یمنیوں نے صنعا اور یمن کے دیگر علاقوں میں مظاہرہ کرکے ، امریکی جارحیت کی مذمت کی اور غزہ کے عوام سے اپنی حمایت کا اعلان کیا۔ 

 

ٹیگس