یمن کی تحریک انصاراللہ کا صیہونی اہداف پر بیلسٹک میزائلوں سے حملہ
یمن کی عوامی مزاحمتی تحریک انصار اللہ نے مقبوضہ فلسطین کے علاقوں میں صہیونی اہداف کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: یمن کی عوامی مزاحمتی تحریک انصار اللہ نے دعوی کیا ہے کہ اس نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں صہیونی اہداف کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایاہے۔ اسرائیلی میڈيا نے بھی خبردی ہے کہ خطرے کے سائرن بجتے ہی صیہونی وزیراعظم نتن یاہو جو پارلیمنٹ کے اجلاس میں شریک تھا اجلاس کو چھوڑ کر پناہ گاہ کی جانب فرار ہونے پر مجبور ہوگیا۔
لندن سے تل ابیب پہنچنے والا مسافربردار ہوائی جہاز بھی جب بن گورین ہوائي اڈے پر لینڈ کرنے والا تھا تو خطرے کے سائرن کے پیش نظر فورا اس کا راستہ تبدیل کر دیا گيا۔ یمنی فوج کے میزائلی حملے سے بن گورین ہوائي اڈہ بند کردیا گيا ہے۔ امریکی حملوں اور غزہ پر صہیونی جارحیت دوبارہ شروع ہونے کے بعد یمن کی عوامی تحریک انصار اللہ نے پہلے ہی خبردار کیا تھا کہ اگر فلسطینی عوام کے خلاف صہیونی جارحیت جاری رہی تو وہ اسرائیلی تنصیبات پر حملے کرے گی۔ یمنی مسلح افواج کے ترجمان میجر جنرل یحیی سریع نے اپنے تازہ بیان میں کہا ہے کہ ہم نے ایک کامیاب آپریشن میں جدید ترین ہائپرسونک بیلسٹک میزائل فلسطین دو کا استعمال کرتے ہوئے مقبوضہ فلسطین میں جنوبی یافا میں ایک اہم ہدف کو نشانہ بنایا۔ یمن کی عوامی مزاحمتی تحریک انصار اللہ کی جانب سے صیہونی جارحیت کے جواب میں یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے کہ جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حکم پر امریکی فورسز نے یمن میں عام شہریوں کے خلاف فوجی کارروائیاں تیز کردی ہیں۔