امریکی طیارہ بموں اور جدید ہتھیاروں کو لے کر اسرائیل روانہ، آخر ٹرمپ مغربی ایشیا کو کس جنگ کی آگ میں جھونکنے کی کر رہے ہیں تیاری؟
مقبوضہ فلسطین کی صیہونی حکومت نے امریکی صدر ٹرمپ کے احکامات پر واشنگٹن سے امریکی بموں کی فراہمی کی خبر دی ہے۔
سحرنیوز/دنیا: غاصب صیہونی حکومت کی جارح فوج نے اعلان کیا ہے کہ ایم کے چوراسی قسم کے اٹھارہ سو بموں کو کہ امریکہ کے سابق صدر بائیڈن کے حکم سے جن کی فراہمی کو روک دیا گیا تھا موجودہ صدر ٹرمپ کے حکم سے کل رات اسرائیل کے لئے روانہ کر دیا گیا۔ اس سے قبل امریکی وزارت جنگ نے اعلان کیا تھا کہ امریکی وزارت خارجہ نے اسرائیل کو چھے سو ساٹھ ملین ڈالر مالیت کے ہلفایر میزائل فروخت کئے جانے کی منظوری دے دی ہے۔

اکسیوس ویب سائٹ کے مطابق امریکی وزارت خارجہ نے اسی طرح اسرائیل کو چھے ارب پچہتر ملین ڈالر مالیت کے دیگر جنگی سازوسامان کی بھی فروخت کی منظوری دی ہے۔ اس سودے میں اٹھارہ ہزار بم بھی شامل ہیں جو اسی سال فراہم کئے جانے ہیں۔ اسی طرح دو ہزار اٹھائیس تک تین ہزار ہلفایر میزائل فراہم کیئے جانے ہیں۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق اس سے قبل متعدد باخبر ذرائع نے اعلان کیا تھا کہ ٹرمپ حکومت نے امریکی کانگریس سے اسرائیل کو ایک ارب ڈالر قیمت کے جدید ترین ہتھیار فروخت کئے جانے کی منظوری دینے کی اپیل کی ہے جن میں جدید ترین اسلحہ شامل ہے ایسے ہتھیار کہ جنھیں اسرائیل نے غزہ کے نہتھے عوام کے خلاف استعمال بھی کیا ہے یہ اقدام ٹرمپ کی جانب سے اسرائیل کو دو ہزار پونڈ وزنی بم کی فروخت پر عائد پابندی اٹھا لئے جانے کے بعد عمل میں لایا گیا ہے۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ان ہتھیاروں میں سات سو سے زائد ملین ڈالر مالیت کے ایک ہزار پونڈ وزنی چار ہزار سات سو بم اور تین سو ملین ڈالر مالیت کے فوجی بلڈوزر بھی شامل ہیں۔