امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ: "اپنے مُنہ میاں مِٹّھو"
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ روکنے کا سہرا اپنے سر باندھتے ہوئے ایک بار پھر "میاں مِٹّھو" بن گئے۔
سحرنیوز/دنیا: ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر اپنے غیر ملکی دورے کے دوران بھی "میاں مِٹّھو" بننا نہیں بھولے اور انہوں نے ایک بار پھر ہند پاک جنگ بندی کا سہرا اپنے سر باندھنے کی کوشش کی۔ امریکی صدر غیر ملکی دورے میں ملیشیا کے بعد منگل کو جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو پہنچے تھے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ ٹوکیو میں بھی اپنا ہند پاک جنگ بندی کا بار بار کا دعویٰ دوہراتے اور "اپنے مُنہ میاں مِٹّھو" بنتے نظر آئے۔ ٹرمپ نے اس بار یہ بھی بتایا کہ انہوں نے کیا دیکھ کر دونوں ملکوں کے اعلیٰ عہدے داروں کو فون کیا تھا۔
ٹرمپ کے دعوے کے مطابق ہند پاک جنگ کے دوران بالکل نئے اور خوبصورت 7 طیارے گرا دیئے گئے تھے جس کے بعد انہوں نے ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی اور پاکستان کے فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کو فون کرکے جنگ روکنے کے لیے کہا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس سے پہلے بھی کئی بار ہند پاک جنگ رُکوانے کا سہرا اپنے سر باندھ کر "اپنے منہ میاں مِٹّھو" بن چکے ہیں۔
حقیقت یہ ہے کہ جنگ بندی کا کریڈٹ لینا ٹرمپ کا سوچا سمجھا منصوبہ تھا۔ یہ سب اُس وقت شروع ہوا جب ٹرمپ امن کے نوبل انعام کے لیے لابِنگ کر رہے تھے۔ اسرائیل سمیت کئی ممالک نے ٹرمپ کو نوبل امن انعام دیئے جانے کی سفارش بھی کی تھی لیکن اُن کی لابنگ دھری کی دھری رہ گئی اور نوبل انعام کا قرعہ کسی اور کے نام نکل گیا۔