جی 20 سربراہی اجلاس: مختلف ملکوں کے سربراہان دہلی پہنچے
دہلی میں گروپ کے بیس کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لئے مختلف ملکوں کے سربراہان مملکت دہلی پہنچ رہے ہيں۔
سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق برطانیہ کے وزیراعظم رشی سُنک جاپان کے وزیراعظم فومیو کشیدا، اٹلی کی وزیراعظم جارجا میلونی، ارجنٹائن کے صدر البرٹو فرنانڈیز اور بنگلہ دیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد سمیت مختلف ملکوں کے اعلی عہدیدار اور سربراہان مملکت دہلی پہنچ چکے ہيں اور یہ سلسلہ جاری ہے۔
گروپ بیس کا سربراہی اجلاس کل سے دہلی میں شروع ہو رہا ہے۔ گروپ بیس کے اجلاس کے لئے دہلی کو پوری طرح سجایا گيا ہے۔ اس اجلاس میں چین اور روس کے صدور شرکت نہيں کریں گے۔ چین کی نمائندگی چينی وزیراعظم اور روسی صدر کی نمائندگی روس کے وزیرخارجہ کریں گے۔
قابل ذکر ہے کہ اس اجلاس کی کامیابی کے بارے میں یورپی کونسل کے صدر نے شکوک وشبہات کا اظہار کیا ہے۔ یورپی کونسل کے صدر چارلز میشل نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ اجلاس کے شرکا روس کے خلاف کوئی مشترکہ بیان جاری کرنے پر متفق ہوسکیں گے، ایسا دشوار نظر آرہا ہے۔
روسی وزیرخارجہ پہلے ہی کہہ چکے ہيں کہ روس ایسے کسی بیان کی حمایت نہیں کرے گا جس میں ماسکو کے موقف کو بیان نہيں کیا جائے۔
ان سب باتوں کے باوجود ہندوستان کے حکام اس اجلاس کو اپنے ملک کے لئے ایک بڑی کامیابی قرار دے رہے ہيں۔ ان کا کہنا ہے کہ گروپ بیس کے اجلاس کی میزبانی سے عالمی سطح پر ہندوستان کا سیاسی وقار مزید بلند ہوگا۔