ایرانی وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے کو خطے میں بدامنی کی اصل وجہ بتائی
ایران کے وزيرخارجہ نے یمن کے مختلف علاقوں پر امریکہ کے مسلسل حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملے اسرائیلی جرائم اور اس کی قانون شکنی ميں شامل ہونے کا ثبوت ہے۔
سحرنیوز/ایران: ایرانی وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی نمائندہ برائے یمنی امور سے ملاقات میں کہا کہ یمن کے خلاف امریکی جارحیت خطے میں بدامنی اور عدم استحکام پھیلانے کے اسرائیلی اقدامات کی حمایت کا واضح ثبوت ہے۔ یمن کے امور کے لئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی نمائندے ہانس گرینڈ برگ نے تہران میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں سید عباس عراقچی نے یمن کے خلاف امریکی جارحیت اور شام میں صیہونی غاصبانہ قبضے کو خطے میں ناامنی پھیلانے کی کوشش قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی۔

ایرانی وزیر خارجہ نے یمن اور خطے کے بارے میں امریکہ کی تسلط پسندانہ سوچ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکی سیاست دانوں کو یہ سمجھ لینا چاہیے کہ خطے میں عدم استحکام کی اصل وجہ فلسطین پر قبضہ اور نسل کشی کا تسلسل ہے، تاہم امریکہ یمن پر حملہ کرکے خطے میں امن بحال کرنے کا دعویٰ نہیں کر سکتا، جب کہ یمن کا جرم یہ ہے کہ وہ مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت کر رہا ہے۔ اس ملاقات میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی نمائندے نے یمن میں امن عمل کو آگے بڑھانے کے لیے اقوام متحدہ کی کوششوں کے لیے ایران کی مسلسل حمایت کو سراہا۔