ایران اور امریکہ کے درمیان بالواسطہ مذاکرات کا پہلا دور ختم، اگلے ہفتے مزید مذاکرات پر اتفاق
عمان میں ایران اور امریکہ کے درمیان بالواسطہ مذاکرات کا پہلا دور مکمل ہوگیا جس میں اگلے ہفتے مزید مذاکرات پر اتفاق کیا گیا۔
سحرنیوز/ایران: موصولہ رپورٹ کے مطابق، ایران اور امریکہ نے عمان میں بالواسطہ مذاکرات پر اتفاق کرلیا ہے۔ دونوں ممالک کے اعلی سفارتی اہلکار مذاکرات میں حصہ لیں گے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اس سلسلے میں ایرانی وفد کی روانگی کا اعلان کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اعلی سطحی اور تجربہ کار افراد کا وفد تہران سے عمان روانہ ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی مفادات اور قومی اقدار کی حفاظت کے لیے تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جائے گا۔

اس سے قبل ایرانی وزیر خارجہ نے امریکہ کے ساتھ جوہری معاملے اور ظالمانہ پابندیوں کے خاتمے سے متعلق بالواسطہ مذاکرات سے پہلے عمان کے ہم منصب سے اہم ملاقات کی ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران نے مذاکرات میں پوری سنجیدگی کے ساتھ شرکت کی ہے اور ہمارا مقصد ایک منصفانہ اور باعزت معاہدے تک رسائی حاصل کرنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ میرے ہمراہ جو ٹیم مذاکرات میں شریک ہے، وہ اس مخصوص شعبے میں ماہر افراد پر مشتمل ہے جنہیں ماضی میں بھی ایسے مذاکرات کا تجربہ حاصل ہے۔ عراقچی نے کہا کہ اگر مذاکرات کا دوسرا فریق بھی اسی نیت اور رویے کے ساتھ آگے بڑھے، تو ابتدائی مفاہمت کی امید کی جاسکتی ہے جو آگے چل کر مذاکراتی عمل کی راہ ہموار کرے گی۔