ایران امریکا بالوسطہ مذاکرات، آگے کیا ہو گا وزیر خارجہ عراقچی نے دی خبر
ایران اور امریکا دونوں نے بالواسطہ مذاکرات کے چوتھے دور کو تعمیری بتایا ہے۔
سحرنیوز/ایران: وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے امریکا کے ساتھ بالواسطہ مذاکرات کے چوتھے دور کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں بتایا ہے کہ بنیادی اختلافی موضوعات کے بارے میں زیادہ گفتگو ہوئی اوراس حوالے سے افہام و تفہیم کا عمل بہتر طور پر انجام پایا۔ انھوں نے کہا کہ مذاکرات کے اس دور میں دونوں فریقوں کے مواقف ایک دوسرے سے زیادہ قریب ہوئے ہیں۔ وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے بتایا کہ ہم نے مذاکرات جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور دونوں فریق مذاکرات جاری رکھنے پر مصمم ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ اگلی میٹنگ پر اتفاق ہوگیا ہے لیکن اس کی جگہ اور وقت کا تعین دونوں فریقوں کے پروگراموں کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔

دوسری جانب امریکی میڈیا نے ایک امریکی عہدیدار کے حوالے سے کہا ہے کہ عمان میں ایران کے ساتھ بالواسطہ مذآکرات کا چوتھا دور امید افزا تھا۔ عمان میں ایران امریکا مذاکرات کے چوتھے دور کے اختتام پرایسوشی ایٹیڈ پریس اور ایکسیوس نے ایک امریکی عہدیدار کے حوالے سے جس کا نام نہیں بتایا گیا ہے، کہا ہے کہ تکنیکی ماہرین کے توسط سے مذاکرات کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ ایران امریکا بالواسطہ مذآکرات کا چوتھا دور اتوار کو عمان کے درالحکومت مسقط میں انجام پایا ۔