May ۱۳, ۲۰۲۵ ۱۷:۲۱ Asia/Tehran
  • فلسطینی پناہ گزینوں کے عارضی کیمپوں اور خیمہ بستیوں پر وحشیانہ صیہونی بمباری, ایران نے کی شدید مذمت

ایران کی وزارت خارجہ اے ترجمان اسماعیل بقائی نے جبالیا اور خان یونس میں فلسطینی پناہ گزین کیمپوں پر بمباری پر غاصب صہیونی حکومت کی شدید مذمت کی ہے۔

سحرنیوز/ایران: رپورٹ کے مطابق،اسلامی جمہوریہ ایران نے اسرائیل کی جانب سے جبالیہ اور خان یونس میں فلسطینی پناہ گزینوں کے عارضی کیمپوں اور خیمہ بستیوں پر کی گئی وحشیانہ صیہونی بمباری کی شدید مذمت کی ہے، جس کے نتیجے میں شیر خوار بچوں سمیت درجنوں بے گناہ فلسطینی عام شہری شہید و زخمی ہوئے۔ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ان حملوں کو انسانیت کے خلاف سنگین جرم اور بین الاقوامی قوانین و اصولوں کی صریح خلاف ورزی قرار دیا۔

ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے فلسطین کے مقبوضہ علاقوں میں اسرائیل کے مظالم کو انسانی حقوق کی پامالی اور بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی سے تعبیر کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دنیا کی تمام حکومتیں اور اقوام متحدہ قانونی و اخلاقی طور پر فلسطینیوں کی نسل کشی روکنے اور انسانی حقوق کے اصولوں کے نفاذ کی پابند ہیں۔ ترجمان وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے عالمی عدالت انصاف میں غاصب صیہونی حکومت اور اس کے اعلی عہدیداروں کے خلاف جاری مقدمات اور قانونری کاروائی کو تیز تر کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ جنگی جرائم، نسل کشی اور انسانیت کے خلاف جرائم پر انہیں انصاف کے کٹہرے میں لاکھڑا کیا جاسکے۔

اسماعیل بقائی نے فلسطینی عوام کے ساتھ ایران کی مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری اور خطے کے تمام ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ صیہونی مظالم کو فوری طور پر بند کرانے کے لیے مؤثر اقدامات کریں اور غزہ کے محصور عوام کو فوری طور پر خوراک و ادویات کی فراہمی ممکن بنائیں۔قابل ذکر ہے کہ سات اکتوبر دو ہزار تئیس سے اب تک صیہونی جارحیت میں شہید ہونے والےفلسطینیوں کی مجموعی تعداد باون ہزار آٹھ سو باسٹھ اور زخمیوں کی تعداد ایک لاکھ، انیس ہزار، چھے سو اڑتالیس ہو گئی ہے۔

 

ٹیگس