Mar ۰۲, ۲۰۲۶ ۱۱:۴۱ Asia/Tehran
  • بقائی: ہماری پوری توجہ اس ظالمانہ جنگ میں اپنے عوام کے دفاع پر ہے

ترجمان دفتر خارجہ اسماعیل بقائی نے امریکا کے نیشنل ریڈیو این پی آر سے گفتگو میں کہا ہے کہ ہماری پوری توجہ مسلط کی گئی ظالمانہ جنگ میں اپنے عوام کے دفاع پر مرکوز ہے

سحرنیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے امریکا کے قومی ریڈیو این پی آر کے ساتھ بات چیت میں، مذاکرات کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ ہم دوبار امریکا کے ساتھ مذاکرات کے دوران جارحیت کا نشانہ بنے ہیں بنابریں اب ہماری پوری توجہ اپنے عوام کے دفاع پر ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہم پر حملہ کیا گیا ہے، یہ ظالمانہ جنگ ہے جو ہم پر مسلط کی گئی ہے اور اس جنگ میں استقامت، پائیداری اور اس بے انصافی کا مقابلہ، ہماری اسٹریٹیجی ہے۔اسماعیل بقائی نے کہا کہ ہم جنگ نہیں چاہتے اور اس وقت خطے میں جو کچھ ہورہا ہے، وہ ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی جارحیت کا نتیجہ ہے۔

انھوں نے کہا کہ ان حالات میں ہمارے سامنے کون سا راستہ باقی بچا ہے؟ ہم اپنے عوام اور شہریوں کا دفاع کررہے ہیں۔

ہم جوابی حملے پر مجبور ہیں۔ ہماری تاریخ نے ہمیں سکھایا ہے کہ اپنا دفاع کریں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بین الاقوامی برادری اور دنیا بھر کی حکومتوں کو ان خطرات کی جانب سے ہوشیار رہنا چاہئے جو ایران پر امریکا اور اسرائیل کے حملے نے پیدا کئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اگر یہ اصول بن گیا کہ ہر ملک جس قوم سے بھی ناراض ہو، خود کو اس پر حملہ کرنے کا مجاز قرار دے اور اس ملک کے رہنماؤں کو دہشت گردی کا نشانہ بنائے تو بہت تیزی کے ساتھ دنیا میں جنگل کا قانون رائج ہوجائے گا۔

اسما‏عیل بقائی نے کہا کہ امریکا اور اسرائيل ایران کے خلاف جو جارحیت کررہے ہیں، وہ اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قوانین پر حملہ ہے۔

انھوں نے کہا کہ حالیہ جارحیت کے ابتدائی لمحات میں ایران کے جنوبی شہر میناب کے ایک گرلس اسکول پر حملہ کیا گیا۔ اس حملے میں 158 سے زیادہ معصوم اسکولی بچیاں شہید ہوگئيں اور بعض اب بھی ملبے کے نیچے ہیں۔

ہمیں فالو کریں:  

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channel

ترجمان دفتر خارجہ اسماعیل بقائی نے اس انٹرویو میں کہا کہ اتوار کو تہران کے اسپتالوں اور علاج معالجے کے مراکز پر حملے کئے گئے حتی ہماری ہلال احمر سوسائٹی پر بھی حملہ کیا گیا۔

یہ بلااشتعال اور بلاجواز جارحیت ہے جو بغیر کسی وجہ اور دلیل کے جاری ہے۔

ٹیگس